اسلام آباد(سب نیوز)چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈی جی سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ڈی اے کے ممبر ایڈمن، ممبر اسٹیٹ، ممبر انجینئرنگ، ممبر فنانس، ممبرانوائرمنٹ، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، ڈپٹی کمشنر سی ڈی اے اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیکٹرڈویلپمنٹ پر اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیاگیا۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ سیکٹرز ڈویلپمنٹ کے کام کو نہ صرف مزید تیز کیا جائے بلکہ معیار اورکوالٹی پر بھی کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
انھوں نے کہا کہ جن سیکٹرز میں ترقیاتی کام ہو رہے ہیں وہاں پر سی ڈی اے کے متعلقہ ڈائریکٹوریٹس خصوصا ڈی سی سی ڈی اے اپنے متعلقہ عملہ کے ہمراہ دفترقائم کریں تاکہ لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے میں مدد مل سکے اس کے علاوہ کیمپ آفیسز میں عوام کے تمام مسائل کو شفافیت، قانون و انصاف کے تمام تقاضوں کے مطابق حل کیا جائے۔انھوں نے کہا کہ سیکٹرایچ سولہ، سی پندرہ، سی سولہ، ای بارہ اور ایف تیرہ سیکٹرز سے ناجائز تجاوزات کو نہ صرف ختم کیا جائے بلکہ قانون کے مطابق جن لوگوں کے لینڈ اور بلٹ اپ پراپرٹیز کے کلیم ہیں وہ فوری طور پر قانون کے مطابق اپنے کلیم موقع پر موجود ڈی سی سی ڈی اے یا ان کے متعلقہ عملہ کو جمع کریں اس کے علاوہ اسلام آباد انتظامیہ کے افراد بھی موجود ہونگے۔عوام کے کلیم کا قانون کی روشنی میں جائزہ لے کر فیصلہ کیا جائے گا۔
انھوں نے کہا کہ سی ڈی اے نے جہاں عوام کو قانون کے مطابق متعلقہ سیکٹرزکے افراد کو ان کا حق دینے کا فیصلہ کیا ہے وہاں سی ڈی اے نے ترقیاتی کاموں کے لیے بھی مناسب منصوبہ بندی کی ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے پارک انکلیواور دیگر سیکٹرز میں بھی ترقیاتی کاموں کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔انھوں نے کہا کہ اسلام آباد میں جہاں ترقیاتی کاموں میں بہتری لائی جا رہی ہے وہاں غیر قانونی تجاوزات اور قبضہ مافیا کے خلاف بھی بلاتفریق کاروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ نئے سیکٹرز کے ترقیاتی کاموں میں حائل تمام رکاوٹوں کو ترجیح بنیادوں پر دور کیا جائے اور فنانس ونگ ترقیاتی کاموں کے لئے فنڈز کی مناسب فراہمی کو یقینی بنائے۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ سی ڈی اے اسلام آباد کی تعمیر وترقی، خوشحالی، خوبصورتی اور اسکو ملک کا ایک مثالی شہر بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی رہائشی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے مختلف سیکٹرز کی ڈیولپمنٹ پر تیزی سے کام جاری ہے۔