بیروت(سب نیوز)اسرائیل نے غزہ اور یمن کے بعد دوبارہ لبنان کے شمال، مشرق اور جنوب کے مختلف علاقوں پر فضائی حملے کر دیے۔ لبنانی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے مشرقی لبنان میں بعلبک کے مغرب میں واقع بودای کے نزدیک فلاوی کے پہاڑی علاقے پر بمباری کی، تین حملے بودای کے پہاڑی علاقوں پر کیے گئے۔
خبر ایجنسی نے مزید بتایا کہ شمالی لبنان کے ضلع عکار میں کفرملکی کے علاقے کو بھی نشانہ بنایا گیا، تاہم ان حملوں کے نتائج کے بارے میں کوئی ابتدائی اطلاع فراہم نہیں کی گئی، اسرائیلی طیاروں نے جنوبی لبنان کے علاقے التفاح میں بھی حملے کیے، یہاں واقع تین دیہات عین قانا، صربا اور حومین الفوقا کے درمیانی علاقے کو بھی نشانہ بنایا۔جنوبی لبنان کے ضلع صیدا میں وادی الزراریہ پر شدید فضائی حملہ کیا گیا، جب کہ ضلع صور میں ارزی اور برج رحال کے نواحی علاقوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، اسرائیلی طیاروں نے جنوبی لبنان کے ضلع صور میں قاسمیہ کے علاقے میں واقع ردی اور المطریہ کے درمیانی علاقے، دریائے لیتانی کے کنارے پر بھی بم باری کی۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان افیخای ادرعی نے بھی حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے دعوی کیا کہ یہ حملے حزب اللہ کے متعدد عسکری مراکز، اسلحہ ذخیرہ کرنے اور اسلحہ تیار کرنے کے بنیادی ڈھانچوں اور راکٹ فائر کرنے کی ایک جگہ کو نشانہ بنانے کے لیے کیے گئے۔
اسرائیل بے لگام، لبنان کے شمالی، مشرقی اور جنوبی علاقوں پر فضائی حملے
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔