Monday, July 7, 2025
ہومپاکستاندریائے چناب، جہلم، راوی اور ملحقہ ندی نالوں میں سیلاب کی وارننگ جاری

دریائے چناب، جہلم، راوی اور ملحقہ ندی نالوں میں سیلاب کی وارننگ جاری

لاہور (سب نیوز)نو جولائی تک دریاوں میں پانی کے بہا میں غیرمعمولی اضافے کے خدشے کے پیشِ نظرپی ڈی ایم اے پنجاب نے دریائے چناب، جہلم، راوی اور ملحقہ ندی نالوں میں سیلاب کی وارننگ جاری کردی۔
پنجاب کے مختلف دریاں اور ندی نالوں میں پانی کے بہاو میں غیرمعمولی اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)نے نو جولائی تک ممکنہ سیلاب کے پیش نظر وارننگ جاری کرتے ہوئے متعلقہ اداروں اور انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق، دریائے چناب، جہلم اور راوی میں پانی کی سطح بلند ہو رہی ہے، جبکہ ان دریاوں سے منسلک ندی نالے، نالہ بہیں، بسنتر، ڈیگ، پلکھو، بھمبر، ہلسی، ایک اور ڈورا میں بھی سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے، جب کہ دیگر نالوں میں درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی علاقوں میں بہنے والے رود کوہیوں میں بھی فلیش فلڈنگ کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور راولپنڈی ڈویژن میں شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق پیشگی انتظامات مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی کنٹرول رومز میں عملے کو ہمہ وقت الرٹ رکھا جائے اور ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر رسپانس ٹیموں کو بھی مکمل تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ڈی جی کا مزید کہنا تھا کہ دریاوں کے کنارے موجود رہائشی علاقوں، مکانوں اور مویشیوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔ فلڈ ریلیف کیمپس میں خوراک، پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے موثر انداز میں نمٹا جا سکے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔