Sunday, June 1, 2025
spot_img
ہومبریکنگ نیوزبرطانیہ نے اسرائیل کے ساتھ تجارتی مذاکرات معطل کر دیے، غزہ کی صورتحال ناقابل قبول ہے:وزیر خارجہ

برطانیہ نے اسرائیل کے ساتھ تجارتی مذاکرات معطل کر دیے، غزہ کی صورتحال ناقابل قبول ہے:وزیر خارجہ

لندن(آئی پی ایس )برطانیہ کے وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی کا کہنا ہے کہ برطانیہ نے اسرائیلی حکومت کے ساتھ نئے آزاد تجارتی معاہدے پر مذاکرات معطل کر دیے ہیں۔ ایوانِ نمائندگان میں خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہم نے اس اسرائیلی حکومت کے ساتھ ایک نئے آزاد تجارتی معاہدے پر مذاکرات معطل کر دیے ہیں۔ ہم 2030 کے دوطرفہ روڈ میپ کے تحت ان کے ساتھ تعاون کا جائزہ لیں گے۔

ڈیوڈ لیمی کا یہ بھی کہنا ہے کہ برطانیہ میں اسرائیلی سفیر تزیپی ہوٹوویلی کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مشرق وسطی کے وزیر ہمیش فالکنر ہوٹوویلی کو بتائیں گے کہ غزہ کو امداد پر 11 ہفتوں کی پابندی ظالمانہ اور ناقابل دفاع ہے۔

ڈیوڈ لیمی نے مزید کہا کہ غزہ میں جنگ برطانیہ کے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو نقصان پہنچا رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ امداد روکنا، جنگ کو وسعت دینا، دوستوں اور شراکت داروں کے خدشات کو مسترد کرنا ناقابل دفاع ہے اور اس سب کو اب روکنا چاہیے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے ایوانِ نمائندگان سے اپنے خطاب کا آغاز یہ کہتے ہوئے کیا کہ غزہ میں خوراک کی کمی اور بھوک کا خطرہ عام شہریوں پر منڈلا رہا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ حماس کے زیر حراست باقی اسرائیلی یرغمالیوں کو زیادہ خطرہ لاحق ہے کیونکہ ان کے ارد گرد جنگ جاری ہے۔

ڈیوڈ لیمی کا کہنا تھا کہ غزہ میں انسانی بحران اور تباہی شدت اختیار کر جاتی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اسرائیل غزہ کی پٹی کا کنٹرول سنبھالنے اور غزہ کے باشندوں تک کم سے کم خوراک پہنچانے کا ارادہ رکھتا ہے۔ غزہ میں پہنچنے والی امداد کا ذکر کرتے ہوئے انھوں نے صورتحال کو ناقابل برداشت قرار دیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔