Sunday, July 6, 2025
ہومدنیاآنجہانی پوپ فرانسس کی آخری رسومات ہفتے کو ادا کی جائیں گی

آنجہانی پوپ فرانسس کی آخری رسومات ہفتے کو ادا کی جائیں گی

کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا آنجہانی پوپ فرانسس کی آخری رسومات ہفتے کو ادا کی جائیں گی، جن میں امریکی ڈونلڈ ٹرمپ اور خاتون اول کے علاوہ کئی ممالک کے سربراہان مملکت شرکت کریں گے۔

قطر کے نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق ویٹی کن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پوپ فرانسس کی آخری رسومات ہفتہ 26 اپریل کو صبح 10 بجے (8:00 جی ایم ٹی) سینٹ پیٹرز بیسلیکا میں ادا کی جائیں گی۔

امیگریشن کے حوالے سے پوپ کے ساتھ بار بار تنازعات کا شکار رہنے والے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ اور ان کی اہلیہ پوپ کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے روم جائیں گے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق پوپ فرانسس کے آبائی ملک ارجنٹائن کے صدر جیویئر ملی، برازیل کے صدر لوئیز اناسیو ڈی سلوا اور یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی بھی پوپ کی آخری رسومات میں شرکت کریں گے۔

ویٹیکن نے اعلان کیا ہے کہ پوپ فرانسس کا تابوت کارڈینلز کے ہمراہ ایک جلوس کی شکل میں بدھ کی صبح 9 بجے پوپ کی رہائش گاہ سانتا مارٹا کے چیپل سے سینٹ پیٹر بیسلیکا منتقل کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پوپ فرانسس پھیپھڑوں کے عارضے میں مبتلا رہنے کے بعد گزشتہ روز 88 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔

پوپ فرانسس ایسٹر سنڈے کے موقع پر سینٹ پیٹرز بیسلیکا کی مرکزی بالکونی میں مختصر وقت کے لیے جلوہ افروز ہوئے تھے،اپنے آخری عوامی خطاب میں پوپ فرانسس نے اپنے ایک معاون کی جانب سے پڑھے گئے پیغام میں غزہ میں فوری جنگ بندی کے اپنے مطالبے کا اعادہ کیا تھا۔

نمونیا کے باعث پانچ ہفتوں تک ہسپتال میں رہنے سے قبل فرانسس غزہ میں اسرائیل کی فوجی مہم پر تنقید کرتے رہے تھے، اور جنوری میں فلسطینی علاقے میں انسانی صورتحال کو ’انتہائی سنگین اور شرمناک‘ قرار دیا تھا، ایسٹر کے پیغام میں پوپ نے کہا کہ غزہ کی صورتحال ڈرامائی اور افسوسناک ہے۔

پوپ فرانسس کا اصل نام جارج ماریو برگوگلیو تھا، وہ 17 دسمبر 1936 کو بیونس آئرس کے شہر فلورس میں پیدا ہوئے تھے اور انہیں 13 مارچ 2013 کو پوپ منتخب کیا گیا تھا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔