ویٹی کن سٹی(سب نیوز )کیتھولک مسیحیوں کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس آج صبح 88 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔پوپ فرانسس رومن کیتھولک چرچ کے پہلے لاطینی امریکی رہنما تھے اور طویل بیماری کے بعد چند روز قبل ہی صحتیاب ہو کراسپتال سے ڈسچارج ہوئے تھے، پوپ فرانسس نے اتوار کو ایسٹر کے موقع پر لوگوں سے ملاقاتیں بھی کی تھیں۔امریکی اخبار کے مطابق ان کی وفات کے ساتھ ہی کیتھولک چرچ میں سوگ، رسمی کارروائیوں اور نئے پوپ کے انتخاب کا صدیوں پرانا اور منظم عمل شروع ہو گیا ہے۔
ویٹی کن کے بیان کے مطابق پوپ فرانسس کا انتقال صبح 7 بج کر 35 منٹ پر ہوا۔ ان کی موت کی تصدیق ویٹی کن کے محکمہ صحت کے سربراہ اور کارڈینل چیمبرلین کرتے ہیں، جو کہ عارضی طور پر ویٹی کن کے انتظامی امور سنبھالتے ہیں۔ اس وقت کارڈینل چیمبرلین کا عہدہ امریکی نژاد آئرش کارڈینل کیون جوزف فیرل کے پاس ہے۔کارڈینل چیمبرلین پوپ کی موت کی سرکاری تصدیق پر مشتمل ایک دستاویز تیار کرتے ہیں جس کے ساتھ ڈاکٹر کی رپورٹ بھی منسلک ہوتی ہے۔ بعد ازاں وہ پوپ کی نجی دستاویزات محفوظ کرتے ہیں اور ان کی رہائش گاہ کو سیل کر دیتے ہیں، اس کے بعد پوپ کی جانب سے سرکاری دستاویزات پر مہر کے لیے استعمال ہونے والی انگوٹھی فشرمین رنگ کو رسمی طور پر ایک ہتھوڑے سے توڑ دیا جاتا ہے تاکہ اس کا غلط استعمال نہ ہو سکے۔
پوپ کی وفات کے 4 سے 6 دن بعد پوپ کی تدفین کی جاتی ہے جبکہ روم بھر میں 9 روزہ سوگ جاری رہتا ہے۔ تابوت بند کرنے سے قبل پوپ کے چہرے کو سفید ریشمی کپڑے سے ڈھانپا جاتا ہے اور ساتھ ایک تھیلی رکھی جاتی ہے جس میں ان کے دورِ پاپائیت میں بنائے گئے سکے اور ایک روگیٹو (پوپ کی زندگی اور پاپائیت کی مختصر تحریر) موجود ہوتی ہے۔پوپ فرانسس نے وصیت کی تھی کہ انہیں سینٹ پیٹرز بیسیلیکا کی بجائے روم میں بیسیلیکا آف سینٹ میری میجر میں دفن کیا جائے جو ان کے لیے خاص روحانی اہمیت رکھتا تھا۔
پوپ کی وفات کے 15 سے 20 دن کے اندر کالج آف کارڈینلز کے ڈین 91 سالہ کارڈینل جیووانی بٹیسٹا رے دنیا بھر سے کارڈینلز کو ویٹیکن میں طلب کریں گے۔ صرف وہ کارڈینلز جن کی عمر 80 سال سے کم ہے پوپ کے انتخاب میں ووٹ دینے کے اہل ہوں گے۔یہ انتخاب سسٹین چیپل میں ہوتا ہے جہاں ہر کارڈینل انتخاب کے عمل کو خفیہ رکھنے کا حلف اٹھاتا ہے اور خفیہ بیلٹ کے ذریعے ووٹ دیتا ہے۔ پوپ کے انتخاب کے لیے دو تہائی اکثریت حاصل ہونے تک ووٹنگ جاری رہتی ہے، ہر ووٹ کے بعد بیلٹ پیپرز کو خاص کیمیکلز کے ساتھ جلادیا جاتا جس سے سیاہ یا سفید دھواں نکلتا ہے جو سینٹ پیٹرز اسکوائر سے دیکھا جاسکتا ہے۔
چمنی سے نکلنے والا کالا دھواں اس بات کی علامت ہوتا ہے کہ پوپ کا انتخاب نہیں ہوسکا جبکہ سفید دھواں نئے پوپ کے انتخاب کا اشارہ ہوتا ہے۔ نئے پوپ کا انتخاب ہونے کے بعد کالج آف کارڈینلز کا ڈین منتخب پوپ سے پوچھتا ہے کہ کیا وہ یہ منصب قبول کرتے ہیں اور وہ بطور پوپ خود کو کس نام سے مخاطب کروائیں گے جس کے بعد نئے پوپ کا اعلان کردیا جاتا ہے۔