Tuesday, April 22, 2025
ہومپاکستانجدید تعلیم ہی قوم کی ترقی کا واحد راستہ ہے،جہانگیر ترین

جدید تعلیم ہی قوم کی ترقی کا واحد راستہ ہے،جہانگیر ترین

ملتان :جہانگیر خان ترین نے کہا ہے کہ جدید تعلیم ہی قوم کی ترقی کا واحد راستہ ہے۔ تعلیمی ترقی کسی بھی ملک کی معیشت کی بحالی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔
یہ بات آج انہوں نے خانیوال پبلک سکول اینڈ کالج یونیورسٹی کے گرلز سیکشن میں جدید ترین کمپیوٹر لیب اور سائنس لیب کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے تعلیمی نظام میں بھی اصلاحات کی ضرورت ہے۔ انشاء اللہ طلبا و طالبات کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہوں گا۔ جہانگیر خان ترین نے ڈپٹی کمشنر خانیوال ڈاکٹر سلمیٰ سلیمان کے ہمراہ گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی سکول خانیوال کا بھی دورہ کیا اور بچوں سے ملاقات کی۔
جہانگیر ترین نے خانیوال کے 5 مزید ہائی و ہائر سیکنڈری سکولوں کو اپ گریڈ کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ ان سکولوں میں جدید کمپیوٹر و سائنس لیبز بنائی جائیں گی۔ڈپٹی کمشنر خانیوال ڈاکٹر سلمیٰ سلیمان نے خانیوال پبلک سکول و دیگر ہائی سکولز میں سہولیات کی فراہمی پر جہانگیر خان ترین کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ترین ایجوکیشن فائونڈیشن کے ساتھ ملکر بہتر تعلیمی سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھے گی۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریوینیو خانیوال خالد عباس، خانیوال پبلک سکول اینڈ کالج یونیورسٹی کے پرنسپل راشد سعید رانا، ترین ایجوکیشن فائونڈیشن کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر اکبر خان و دیگر بھی موجود تھے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔