Wednesday, April 30, 2025
ہومپاکستانپاکستان اور چین کے درمیان سمندری تعاون پر پانچواں مذاکراتی دور، تعاون برقرار رکھنے کا فیصلہ

پاکستان اور چین کے درمیان سمندری تعاون پر پانچواں مذاکراتی دور، تعاون برقرار رکھنے کا فیصلہ

اسلا م آباد (سب نیوز)پاکستان اور چین کے درمیان سمندری تعاون پر ڈائیلاگ کا پانچواں دور 15 اپریل کو بیجنگ میں ہوا۔ مذاکرات میں سمندری شعبے میں تعاون کا جائزہ لیا گیا۔
دفتر خارجہ کی جانب سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق مذاکرات کی مشترکہ صدارت پاکستان کی وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری (ایشیا پیسفک)عمران احمد صدیقی اور عوامی جمہوریہ چین کی وزارت خارجہ کے شعبہ سرحدی اور سمندری امور کے ڈائریکٹر جنرل ہانگ لیانگ نے کی۔ دونوں فریقوں نے بات چیت کے چوتھے دور کے بعد سے اپنے تعاون کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔
انہوں نے میری ٹائم سیکورٹی، میرین اکانومی، میرین سائنس اور ٹیکنالوجی اور سمندری ماحول پر تفصیلی بات چیت کی اور مختلف امور پر اتفاق رائے کیا۔ دونوں اطراف نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اعلی سطحی بحری تعاون پاکستان اور چین کے درمیان ہمہ موسمی تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کا ایک اہم جزو ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مشترکہ مستقبل کے ساتھ پاک چین میری ٹائم کمیونٹی کی مشترکہ تعمیر کے لئے پرعزم ہیں۔
انہوں نے بحری امور پر جاری رابطے کو برقرار رکھنے، بحری پالیسیوں پر ہم آہنگی اور تعاون کو مضبوط بنانے اور سمندری ڈومین میں دو طرفہ اور کثیر جہتی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔ فریقین نے اگلے سال مناسب وقت پر پاکستان میں سمندری تعاون پر پاک چین مذاکرات کا چھٹا دور منعقد کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔