پشاور(آئی پی ایس )خیبرپختونخوا کے ضلع مردان کے پہاڑی علاقے کاٹلنگ میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران بے گناہ خواتین اور معصوم بچے جاں بحق ہوئے جس پر خیبر پختونخوا حکومت نے اظہار افسوس کیا ہے۔
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا کہ ضلع مردان کے پہاڑی علاقے کاٹلنگ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر ایک انسداد دہشت گردی کارروائی کی گئی۔ یہ مقام دہشت گرد عناصر کے ٹھکانے اور نقل و حرکت کے لیے استعمال ہو رہا تھا۔انہوں نے کہا کہ بعدازاں موصول معلومات کے مطابق کاروائی کے مقام کے اطراف میں بعض غیر مسلح شہری موجود تھے جو آپریشن کی زد میں آکر جاں بحق ہوگئے، مارے جانے والوں میں خواتین اور بچے شامل تھے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک دلخراش اور افسوسناک واقعہ ہے جو دہشت گردوں کو مارے جانے کے نتیجے میں رونما ہوا، حکومت متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتی ہے اور ان کے ساتھ اس غم کی گھڑی میں کھڑی ہے۔مشیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت زخمیوں کو فوری طبی امداد کی فراہمی جبکہ جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے امداد اور معاوضے کی فراہمی یقینی بنارہی ہے۔بیرسٹر سیف نے دعوی کیا کہ کارروائی کے دوران کئی اہم مطلوبہ دہشت گردوں کو کامیابی سے ہدف بنایا گیا جو کہ علاقے میں جاری دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث تھے، ایسی کارروائیوں کے دوران عام شہریوں کے تحفظ کو ہمیشہ اولین ترجیح دی جاتی ہے۔
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا کا مزید کہنا تھا کہ بعض اوقات پیچیدہ جغرافیہ، دہشت گردوں کی جانب سے شہری آبادی میں چھپنے کی حکمت عملی، اور آپریشن کی ہنگامی نوعیت کے باعث ناخواستہ نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔
مردان میں دہشت گردوں کیخلاف آپریشن، بے گناہ خواتین اور بچے جاں بحق ہونا دلخراش واقعہ ہے، بیرسٹر سیف
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔