جدہ (خالد نواز چیمہ) قونصل جنرل پاکستان جدہ خالد مجید نے کہا کہ پاکستان کڈنی سینٹر(پی کےسی) پاکستان ویلفیئر سوسائٹی (پی ڈبلیو ایس) جدہ کی جانب سے سماجی بہبود کا ایک مثالی منصوبہ ہے۔ وہ پی ڈبلیو ایس کے زیر اہتمام منعقد لاثانی ریسٹورینٹ مدینہ روڈ میں پاکستان کڈنی سینٹرایبٹ آباد، شمالی پاکستان کی 10ویں سالگرہ کی تقریب میں بطورمہمانِ خصوصی خطاب کر رہے تھے۔
تقریب میں پاکستانی فیملیز، ڈاکٹرز، انجینئرز، بزنس ایگزیکٹوز صحافیوں اور پاکستان ویلفیئرسوسائٹی اور پاکستان کڈنی سینٹر کے بورڈ ممبران نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز قاری محمد آصف کی تلاوت اور قرآن پاک کی چند آیات کے ترجمہ سے ہوا۔ نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سعودی عرب کے معروف نعت خواں محمد نواز جنجوعہ نے پیش کی۔
ویلفیئر سوسائٹی کے نائب صدر معروف سماجی شخصیت شریف زمان نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔ انھوں پاکستان کڈنی سینٹرایبٹ آباد کے مشن، وژن، سرگرمیوں اور کامیابیوں کے بارے میں ایک مختصرتعارف پیش کیا۔
ڈاکٹرخلیل الرحمٰن سی ای او کڈنی سینٹرجو خود بھی کڈنی کے ماہر ہیں نے سینٹر کی سہولیات اور ڈائیلاسز سروسز کے بارے میں آگاہ کیا اور پراجیکٹر پر تازہ ترین سلائیڈز اور ویڈیوز پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد میں پاکستان کڈنی سنٹر کا سنگ بنیاد 2012 میں پاکستانی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے رکھا تھا۔ انھوں نے تقریب میں شرکت پرقونصل جنرل خالد مجید اور کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا اور اس منصوبے میں تعاون کی دعوت دی۔ پروگرام کی میزبانی انور انجم نے کی ۔پی ڈبلیو ایس کے صدر خالد ضیاء تقریب کے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔