دبئی: چیمپئنز ٹرافی 2025 کے ہائی وولٹیج میچ میں آج روایتی حریف پاکستان اور بھارت دبئی میں آمنے سامنے ہوں گے۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ سے ایونٹ کا پہلا میچ ہارنے کے بعد اب سیمی فائنل تک پہنچنے کے لیے پاکستان کے لیے اس میچ کو جیتنا ناگزیر ہے۔
ایونٹ کا سب سے اہم سمجھے جانے والے پاک بھارت میچ کو دیکھنے کے لیے دبئی کے کرکٹ اسٹیڈیم میں 25 ہزار کا مجمع ہوگا جب کہ کروڑوں لوگ لائیو براڈکاسٹ کے ذریعے میچ دیکھیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی میں بھارت نے اصرار کرکے اپنے میچز پاکستان کے بجائے دبئی کے نیوٹرل وینیو میں رکھے جبکہ اس بین الاقوامی ایونٹ کے دوسرے تمام میچز پاکستان میں منعقد ہورہے ہیں۔
چیمپئز ٹرافی میں 8 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جنہیں 2 گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہر گروپ سے 2، 2 ٹیمیں سیمی فائنل تک رسائی حاصل کریں گی۔ پاکستان نیوزی لینڈ سے میچ ہارنے کے بعد اپنے گروپ میں اس وقت چوتھے یعنی سب سے آخری نمبر پر ہے اور اسے سیمی فائنل تک پہنچنے کے لیے آج دبئی میں بھارت کو ہرانا پڑے گا۔
اس سے قبل 2017 میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی پاکستان نے جیتی تھی اور بحیثیت دفاعی چیمپئن پاکستان کو اپنی ٹائٹل کا دفاع بھی کرنا ہے۔
پاکستان کو ایونٹ کے پہلے ہی میچ سے ٹیم کے سب سے اہم بلے باز فخر زمان سے اس وقت محروم ہونا پڑا جب وہ انجری کی وجہ سے ٹورنمنٹ سے باہر ہوگئے۔ کرکٹ کے مبصرین کے نزدیک فخر زمان کے ٹیم میں نہ ہونے کا پاکستان کی بلے بازی پر اثر پڑسکتا ہے۔
دوسری طرف اس ایونٹ میں بھارت کو فیورٹ ٹیم قرار دیا جارہا ہے، جو 2017 کی چیمپئنز ٹرافی کے بعد سے اب تک پاکستان سے ہونے والے 6 میں سے 5 میچز میں فاتح رہا ہے۔
روہت شرما کی سربراہی میں بھارتی ٹیم اس ایونٹ کے اپنے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کو شکست دے کر اپنی پوزیشن پہلے ہی سے مستحکم بناچکی ہے۔