Friday, February 21, 2025
ہومبریکنگ نیوزسفارت خانوں کی کارکردگی بڑھانے کا ٹاسک، خصوصی کمیٹی قائم

سفارت خانوں کی کارکردگی بڑھانے کا ٹاسک، خصوصی کمیٹی قائم

اسلام آ باد (آئی پی ایس )وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بیرون ملک پاکستانی سفار ت خانوں کی کارکردگی بڑھانے کے لیے دیے گئے ٹاسک کے تحت نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے خصوصی ذیلی کمیٹی قائم کر دی۔کابینہ ڈویژن سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سفارت خانوں کی کارکردگی بڑھانے کے لیے ذیلی کمیٹی نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی ہدایت پر قائم کی گئی ہے اور حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی 8 رکنی ذیلی کمیٹی کے کنوینر مقرر کردیے گئے ہیں۔

ذیلی کمیٹی جامع تجاویز اسحاق ڈارکی سربراہی میں قائم ریشنائلائزنگ پاکستانز مشنز ابراڈ کی مرکزی کمیٹی کو پیش کرے گی، پاکستانی سفارت خانوں کی اصلاح اور کارکردگی بڑھانے کے لیے قائم مرکزی کمیٹی نے 15 فروری کو ذیلی کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔ذیلی کمیٹی کا پہلا اجلاس جمعرات کو بلال اظہر کیانی کی صدارت میں ہوگا، وزارت داخلہ، تجارت، خارجہ، خزانہ، اطلاعات ونشریات اور اوورسیز پاکستانیز کی وزارتوں کے ایڈیشنل سیکریٹری ذیلی کمیٹی کے رکن ہوں گے۔

کابینہ ڈویژن کے ادارہ جاتی اصلاحات سیل کے جوائنٹ سیکریٹری کو بھی ذیلی کمیٹی کا رکن مقرر کیا گیا ہے، ذیلی کمیٹی پاکستانی سفارت خانوں کی مجموعی کارکردگی، ڈھانچے، درپیش مسائل کا تفصیلی تجزیہ کرے گی۔ذیلی کمیٹی پاکستانی سفیروں کو بھی فردا فردا بلائے گی اور ان سے تجاویز لے گی، ذیلی کمیٹی پاکستانی سفارت خانوں کی سیاسی ومعاشی کاوشوں کا جائزہ لے گی، ذیلی کمیٹی یہ بھی تجویز کرے گی کہ کس ملک میں سفارت خانے کے کام کی نوعیت کیا ہے اور سفارتی عملے کی تعداد کتنی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ذیلی کمیٹی یہ دیکھے گی کہ کن ممالک میں پاکستانی سفارت خانوں کا حجم، امور کی انجام دہی کا دائرہ کار کیا ہو اور کتنی افرادی قوت ہونی چاہیے، ذیلی کمیٹی پاکستانی سفارت خانوں کی کارکردگی بڑھانے، موجودہ حالات کے مطابق اصلاحات کے لیے اقدامات بھی تجویز کرے گی۔

مزید بتایا گیا کہ ذیلی کمیٹی پاکستانی سفارت خانوں کے لیے قومی ضروریات اور مقاصد کے مطابق اہداف کا تعین بھی کرے گی، ذیلی کمیٹی پاکستانی سفارت خانوں اور سفارت کاروں کی کارکردگی جانچنے کے لیے طریقہ کار کے تعین سے متعلق بھی تجاویز دے گی۔

ذیلی کمیٹی کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ اپنے کام کی انجام دہی کے لیے کسی ماہر اور سفارتی شخصیت کی مدد بھی حاصل کرسکتی ہے، بیرون ملک تعینات پاکستانی سفیروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ذیلی کمیٹی کو اس کے کام کی انجام دہی میں مکمل معاونت فراہم کریں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی سفارت خانوں کی کارکردگی بڑھانے اور فعال بنانے کے لیے اسحاق ڈار کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی تھی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔