Sunday, December 29, 2024
ہومبریکنگ نیوزنوازشریف، آصف زرداری اور عمران خان کے مل بیٹھنے سے دیرینہ ملکی مسائل کا حل ممکن ہے، رانا ثنا

نوازشریف، آصف زرداری اور عمران خان کے مل بیٹھنے سے دیرینہ ملکی مسائل کا حل ممکن ہے، رانا ثنا

لاہور (سب نیوز )وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ اگر مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف، بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور صدر آصف علی زرداری ساتھ مل کر بیٹھیں تو ملک کے 70 سالہ بحران کا خاتمہ 70 دن میں ہو جائے گا۔صوبہ پنجاب کے درالحکومت لاہور میں خواجہ سعد رفیق کے والد خواجہ رفیق کی برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تینوں بڑی سیاسی جماعتوں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)، پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے سربراہان کے نام مذاکراتی کمیٹی میں شامل کیے جائیں اور ان کے ویسے خیالات ہوں جو نواز شریف کی پچھلے سال وطن واپسی کے دوران تھے تو ملک میں جاری 70 سالہ بحران کا خاتمہ ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف، عمران خان اور آصف علی زرداری کا نام مذاکراتی کمیٹی میں شامل ہونا چاہیے، ہم سیاست دانوں کو ساتھ بیٹھنا چاہیے لیکن اس سے پہلے یہ بہت ضروری ہے کہ غلطیوں کو تسلیم کیا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ 1973 کا آئین اور میثاق جمہوریت اہم سیاسی دستاویز ہیں، میثاق جمہوریت میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور میاں نوازشریف نے اپنی غلطیوں کو تسلیم کیا اور پھر بات چیت میں پیش رفت ہوئی۔ رانا ثنااللہ نے کہا کہ ہم مذاکرات کو خلوص دل کے ساتھ کامیاب بنانا چاہتے ہیں لیکن اگر آج پی ٹی آئی اپنے مینڈینٹ کی بات کرتی ہے تو پھر سابقہ دور کی بھی بات ہونی چاہیے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔