Friday, December 27, 2024
ہومتازہ ترینٹیکسز کی وصولی بہتر بنانے کیلئے ڈھانچہ جاتی اصلاحات کا آغاز کرچکے، وزیر خزانہ

ٹیکسز کی وصولی بہتر بنانے کیلئے ڈھانچہ جاتی اصلاحات کا آغاز کرچکے، وزیر خزانہ


اسلام آباد:وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ڈھانچہ جاتی اصلاحات کا آغاز کرچکے ہیں، آمدنی اور کھپت کے مطابق ٹیکس کی ادائیگی یقینی بنانے کے لیے کام جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ افراط زر کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں، شفافیت کے لیے ڈیجیٹلائزیشن کی جانب جارہے ہیں تاکہ انسانی مداخلت کو نچلی ترین سطح پر لایا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ریونیو اہداف کے حصول کے لیے کوشاں ہیں، جدید دور میں شفافیت کے لیے ڈیجیٹائزیشن کی بہت اہمیت ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ جو ٹیکس بل پارلیمنٹ میں پیش کیا ہے، اس کا مقصد ہے کہ نان ڈکلیئریشن یا انڈر ڈکلیئریشن، یا طرز زندگی کو ٹیکسوں سے ہم آہنگ کرنا ہے، ان فارمل سیکٹرز کو فارمل سیکٹرز کی جانب منتقل کیا جائے گا، ٹیکس پیئرز کو تنگ نہیں کیا جائے گا۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن کی بات کی جاتی ہے تو اینڈ ٹو اینڈ ڈیجیٹلائزیشن لاکر انسانی مداخلت کو کم سے کم کرنے جارہے ہیں، تاکہ کرپشن کی شکایات کو بھی کم کیا جاسکے، نظام میں انسانی مداخلت میں کمی کا مطلب کرپشن میں کمی ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ مارچ میں جب ہم نے حکومت کا سفر شروع کیا تو اسی وقت یہ سسٹم ڈیزائن کرنے پر کام شروع کردیا گیا تھا، اب ہم اس کی تکمیل کے قریب ہیں، دیانتداری سے ٹیکس دینے والوں کو مزید بوجھ سے بچانے پر توجہ دے رہے ہیں، ٹیکس گیپ اور لیکیجز کو روکنے پر کام کیا جارہا ہے تاکہ عام آدمی پر مزید بوجھ نہ پڑے۔
صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ کچھ دن پہلے جب میں سیالکوٹ چیمبر میں تھا، تو کہا تھا کہ ہم نے مرغی اور دالوں کی قیمتوں کا جائزہ لیا تھا، کہ جب ٹرانسپورٹیشن اور دیگر شعبہ جات میں قیمتیں کم ہورہی ہیں تو ان دو آئتمز کی قیمتیں کیوں بڑھ رہی ہیں، اس کے بعد ہم نے چیف سیکریٹریز صاحب اور صوبوں سے درخواست کی، جس کے بعد مرغی اور دال کی قیمتیں بھی کم ہوئی ہیں۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ سیلز ٹیکس کا جہاں تک تعلق ہے، تو چیئرمین ایف بی آر نے تمام انڈسٹریز میں جاکر انہیں اس حوالے سے آگاہ کیا تھا، تمام سیکٹرز پر گورننس بہتر بنائی گئی ہے، شوگر کی صرف آج مثال دی گئی۔
گورننس کی بہتری سے مہنگائی کم ہوئی، وزیر مملکت علی پرویز ملک
وزیر مملکت برائے خزانہ علی پرویز ملک نے کہا کہ مالی خسارے کو کنٹرول کرنے کے لیے وزیر اعظم کی سربراہی میں گورننس کا معیار بہتر کیا گیا، اسی وجہ سے مہنگائی میں ساڑھے 6 سال کی تاریخی کمی آچکی ہے، اپنے ٹیکس کے وسائل کو مناسب حد تک بڑھانا ہے، اور انہیں برقرار رکھنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ صرف تنخواہ دار طبقہ اور صنعتیں ہی ملک کا بوجھ نہ اٹھائیں، بلکہ ہر شعبہ اپنی استعداد کے مطابق جو شیئر بنتا ہے، وہ ٹیکس میں دے، ہم چاہتے ہیں تمام شعبہ جات کو فارمل سیکٹر کا حصہ بنایا جائے، اس کے لیے ہمیں نادرا اور دیگر ہمارے دوستوں نے ڈیٹا فراہم کیا، جس پر ہم ان سب کے شکر گزار ہیں۔
ایف بی آر میں جدید ٹولز متعارف
وزیر خزانہ کے ساتھ پریس کانفرنس میں موجود چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال نے کہا کہ ٹیکسز کا مجموعی خلا 7 ہزار ارب روپے سے زائد ہے، ادارے کی استعداد کار میں اضافہ کیا جارہا ہے، 27 لاکھ افراد اپنے ٹیکس گوشوارے جمع نہیں کروا رہے، ٹیکس نظام میں جدید ٹولز متعارف کروائے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکس ادائیگی کے لیے سب کو اپنی ذمہ داری نبھانی ہوگی، ہم نے ایک لاکھ 90 ہزار افراد کو نوٹس جاری کیے، اس کے بعد 38 ہزار افراد نے ریٹرن فائل کر دیے، ٹیکس وصولی میں ٹاپ 5 پر ہمارا فوکس ہے۔
پاکستان میں کچھ بھی ماورائے آئین نہیں ہورہا، عطا اللہ تارڑ
وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان میں کچھ بھی ماورائے آئین یا قانون نہیں ہو رہا، ہم نے پی آئی اے سمیت مختلف اداروں یا شعبہ جات میں جو کام کیے ہیں، وہ سب قانون کے مطابق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے ملزمان کو فوجی عدالتوں سے سزاؤں کے بعد اپیل کے فورمز موجود ہیں، ملزمان کو وکیل کا حق حاصل تھا، فوجی عدالتوں کا نظام دنیا کے کئی ممالک میں موجود ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔