لاہور:پنجاب کی وزیراطلاعات عظمی بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) ایک طرف مذاکرات کا ڈرامہ کھیل رہی ہے اور دوسری طرف سول نافرمانی کی تحریک کا ڈھنڈورا پیٹ رہی ہے۔
وزیراطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے بیان میں کہا کہ تحریک انصاف کے سرکردہ شیرو اور ٹائیگرز سوشل میڈیا پر اوورسیز پاکستانیوں کو ترسیلات زر نہ بھیجنے پر اکسا رہے ہیں۔ زلفی بخاری،شہباز گل اور شہزاد اکبر جیسے غیرملکی ٹاؤٹ اس مہم میں پیش پیش ہیں۔ اورسیز پاکستانیوں نے فتنے اور فتنہ پارٹی کی ملک دشمنی کو مسترد کردیا ہے۔ سمندر پار پاکستانیوں نے رواں سال ملکی تاریخ کے سب سے زیادہ ریکارڈ ترسیلات زر بھیجے ہیں۔
صوبائی وزیراطلاعات نے مزید کہا کہ اڈیالہ جیل کے قیدی نے ڈیڑھ سال قوم کو بتایا کہ میں آپ کو امریکی غلامی سے آزاد کراؤں گا۔ اب ایک مہینے سے امریکی لابی کو پاکستان میں مداخلت کی درخواستیں کررہے ہیں۔ کئی بونے یہودی لابی کے اشارے پر اپنے مہرے کو بچانے کے لیے سرگرم ہیں۔ جنہوں نے امریکی غلامی سے آزادی حاصل کرنی تھی وہ اب امریکا کو مداخلت کرنے کے لیے منتیں کررہے ہیں۔ اڈیالہ جیل کا قیدی این آر او مانگنے کے لیے کسی کے بھی پاؤں پکڑنے کے لیے تیار بیٹھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک آزاد اور خود مختار ملک ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے امریکا کو دو ٹوک الفاظ میں ایبسلوٹلی ناٹ کہہ دیا ہے۔ پاکستان اپنے اندرونی معاملات میں کسی کو مداخلت کی اجازت نہیں دے گا۔
پی ٹی آئی بیک وقت مذاکرات اور سول نافرمانی کا ڈھنڈورا پیٹ رہی ہے، عظمی بخاری
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔