Thursday, December 26, 2024
ہومبریکنگ نیوزانسانی سمگلنگ میں ملوث منظم بین الاقوامی گینگ کا اہم کارندہ گرفتار

انسانی سمگلنگ میں ملوث منظم بین الاقوامی گینگ کا اہم کارندہ گرفتار

اسلام آباد:فیڈرل انوسٹیگیشن ایجنسی کمپوزٹ سرکل فیصل آباد نے کارروائی کرتے ہوئےانسانی سمگلنگ میں ملوث منظم بین الاقوامی گینگ کا اہم کارندہ گرفتار کر لیا۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر کی ہدایت پر انسانی سمگلرز کے خلاف جاری کریک ڈاون میں انسانی سمگلنگ میں ملوث منظم گینگ کا اہم کارندہ گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ملزم محمد اشفاق کو کھڑیانوالہ فیصل آباد سے گرفتار کیا گیا ،چھاپہ مار کارروائی میں ملزم سے ایرانی کرنسی بھی برآمد کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ گینگ شہریوں سے بھاری رقوم بٹور کر ترکیہ کے راستے یورپ بھجواتاہے،ملزم دیگر ساتھیوں کی ملی بھگت سے سادہ لوح شہریوں کو ملازمت کا جھانسہ دے کر وزٹ ویزے پر آذربائیجان اور ترکیہ سے بذریعہ سمندر یورپی ممالک بھجواتا تھا، ملزم بین الاقوامی ایجنٹس سے رابطے میں تھا، ملزم کے موبائل فون سے ٹھوس شواہد حاصل کر لئے گئے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ملزم کے دیگر ساتھی ترکیہ اور دیگر ممالک سے گینگ کو آپریٹ کر رہے ہیں،ملزم شہریوں سے بھاری رقوم وصول کر کے بیرون ملک مقیم دیگر ساتھیوں کو بھجواتا اور شہریوں سے حاصل کردہ رقوم سے کمیشن بھی وصول کرتا تھا۔ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے ،دیگر ملزمان اور سہولت کاروں کی گرفتاری کے لئے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں،ملزمان کی گرفتاری کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا ئے جارہے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔