اسلام آباد (آئی پی ایس )وفاقی کابینہ نے چند وزرا کی مخالفت کی وجہ سے رائٹ سائزنگ کے دوسرے مرحلے کی منظوری نہیں دی جس پر وزیراعظم شہباز شریف نے کمیٹی کو دوبارہ سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت کردی۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ۔
سرکاری اداروں کی رائٹ سائزنگ ایجنڈے پر بھی غور کیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں 5 وزارتوں کی رائٹ سائزنگ سے متعلق سفارشات پیش کی گئیں جس پر متعدد وفاقی وزرا کی جانب سے رائٹ سائزنگ کمیٹی کی سفارشات پر سخت مخالفت کی گئی۔
وزرا کی مخالفت پر کابینہ سرکاری اداروں میں رائٹ سائزنگ کے دوسرے مرحلے کی منظوری نہ دے سکی، وزیراعظم نے کمیٹی کو سفارشات دوبارہ مرتب کرنے کی ہدایت کر دی۔ ذرائع کے مطابق حتمی سفارشات اگلے وفاقی کابینہ اجلاس میں ایک بار پھر منظوری کے لئے پیش کی جائیں گی۔ یاد رہے کہ شہباز حکومت نے رائٹ سائزنگ کے نام سے ایک منصوبہ بنایا ہے جس میں تحت مختلف اداروں کی نجکاری، غیر ضروری محکموں کی بندش شامل ہے جبکہ حکومت کا بنیادی ہدف اس منصوبے سے اربوں روپے کی بچت کرنا ہے۔