اسلام آباد (سب نیوز )رواں مالی سال پاکستان کے لیے امریکا سب سے بڑا بر آمدی اور چین سب سے بڑا در آمدی ملک بن گیا۔ امریکا کے ساتھ تجارتی توازن پاکستان کیحق میں اور چین کیساتھ خلاف رہا، کیوں کہ جولائی تا نومبر امریکا کے لیے پاکستانی بر آمدات زیادہ اور در آمدات کم رہیں۔
، اسی مدت میں چین کے لیے پاکستانی برآمدات کم اور در آمدات کہیں زیادہ رہیں۔حکومتی ذرائع نے بتایا کہ رواں مالی سال کے ابتدائی 5 ماہ جولائی سے نومبر 2024 کے دوران پاک امریکا دوطرفہ تجارت کا حجم 3 ارب 5 کروڑ ڈالر رہا، جس میں امریکا کے لیے پاکستانی برآمدات 2 ارب 45 کروڑ ڈالر اور امریکا سے در آمدات کا حجم 59 کروڑ 42 لاکھ ڈالر رہا۔رواں مالی سال کے 5 ماہ میں امریکا کے لیے پاکستانی بر آمدات میں 14 فیصد اضافہ ہوا۔
ذرائع کے مطابق جولائی تا نومبر پاک چین دو طرفہ تجارت کاحجم 7 ارب 19 کروڑ 41 لاکھ ڈالر رہا، جس میں چین کے لیے پاکستانی برآمدات 1 ارب 12 کروڑ 46 لاکھ ڈالر اور چین سے در آمدات 6 ارب 7 کروڑ ڈالر رہیں۔ زیر تبصرہ کے دوران چین سے در آمدات میں 15 فیصد اضافہ ہوا، جب کہ چین کے لیے پاکستانی برآمدات میں 14 فیصدکمی ہوئی ہے۔