لاہور (آئی پی ایس )چیمپئنر ٹرافی کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے متحدہ عرب امارات کو نیوٹرل وینیو کے طور پر چن لیا۔پی سی بی ترجمان عامر میر کے مطابق پی سی بی نے باضابطہ طور پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو نیوٹرل وینیو کے بارے میں آگاہ کر دیا۔پی سی بی ترجمان نے بتایاکہ اب بھارت کے چیمپئنز ٹرافی کے میچز یو اے ای میں ہوں گے۔
پی سی بی کا کہنا تھاکہ چیمپئنز ٹرافی کیلئے نیوٹرل وینیو کا فیصلہ میزبان پاکستان نے کرنا تھا اور وینیو کا حتمی فیصلہ محسن نقوی اور شیخ النہیان کی ملاقات کے بعد ہوا۔ پی سی بی کے مطابق پاکستان میں موجود شیخ النہیان یو اے ای کرکٹ بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں۔
خیال رہے کہ فروری 2025 میں پاکستان میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا باضابطہ اعلان اب تک نہیں کیا گیا تاہم سامنے آنے والے ممکنہ شیڈول کے مطابق ٹورنامنٹ کا پہلا میچ 19 فروری کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کراچی میں ہوگا جبکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلہ 23 فروری کو نیوٹرل وینیو پر ہوگا۔