Monday, December 23, 2024
ہومبریکنگ نیوزگورنر خیبرپختونخوا نے صوبائی حقوق کیلئے سیاسی اور تکنیکی کمیٹیاں قائم کر دیں

گورنر خیبرپختونخوا نے صوبائی حقوق کیلئے سیاسی اور تکنیکی کمیٹیاں قائم کر دیں

پشاور (سب نیوز )گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبائی حقوق کے لیے سیاسی اور تکنیکی کمیٹیاں قائم کر دی ہیں۔پہلی گورنر خیبر پختونخوا آل پارٹیز کانفرنس کے متفقہ فیصلے کی روشنی میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سیاسی اور تکنیکی کمیٹیوں کے ممبران کا اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔فیصل کریم کنڈی کے دستخطوں سے جاری اعلامیہ کے مطابق 11 رکنی سیاسی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔

قائم کردہ کمیٹی صوبے کی خوشحالی اور سیاسی جماعتوں کے مابین ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے اہم معاملات پر مشاورت اور رابطہ کاری کے فرائض سرانجام دے گی۔سیاسی کمیٹی کے اراکین میں فیصل کریم کنڈی گورنر خیبر پختونخوا (چیئرمین)، امیر مقام (پاکستان مسلم لیگ ن)، سکندر حیات خان شیرپا (قومی وطن پارٹی)، مولانا عطا الرحمن (جمعیت علما اسلام ف)، میاں افتخار حسین (عوامی نیشنل پارٹی)، سید محمد علی شاہ باچا (پاکستان پیپلز پارٹی)، محسن داوڑ (نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ)، پروفیسر محمد ابراہیم خان (جماعت اسلامی)، محمود خان (پاکستان تحریک انصاف)، پرویز خٹک (سابق وزیر اعلی خیبر پختونخوا)، شوکت اللہ خان (ضم شدہ اضلاع کا نمائندہ) شامل ہیں۔ یہ کمیٹی سیاسی جماعتوں کے مابین رابطے کو مضبوط بنانے اور اہم معاملات پر متفقہ رائے قائم کرنے کے لیے اپنی سفارشات پیش کرے گی۔

اعلامیہ کے مطابق ایک 12 رکنی تکنیکی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جس کے ممبران میں ڈاکٹر عباد اللہ (پاکستان مسلم لیگ ن)، مولانا لطف الرحمن (جمعیت علما اسلام ف)، احمد کریم کنڈی (پاکستان پیپلز پارٹی)، عنایت اللہ خان (جماعت اسلامی)، اخونزادہ سکندر زمان (قومی وطن پارٹی)، سنگین خان (عوامی نیشنل پارٹی)، کفایت اللہ خان (نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ)، ملک حبیب نور اورکزئی (پاکستان تحریک انصاف)، غزن جمال (ضم شدہ اضلاع)، اخونزادہ چٹان (ضم شدہ اضلاع)، حمایت اللہ خان (ایکسپرٹ) اور مشرف رسول (ایکسپرٹ) شامل ہیں جو صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی اور تکنیکی امور پر تجاویز دینے کے لیے اپنی خدمات فراہم کرے گی۔ یہ کمیٹی اہم تکنیکی معاملات پر مشاورت اور مختلف جماعتوں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے لیے کام کرے گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔