کوئٹہ (آئی پی ایس )جمعیت علما اسلام (ف) کے سینئر رہنما مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ مدارس بل منظور ہوچکا، ان شا اللہ اس کا نوٹیفکیشن بھی آئے گا۔ یو ٹرن لیا گیا تو انسانوں کا سمندر اسلام آباد کا رخ کرے گا۔جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) لاہور کے زیر اہتمام فلسطین زندہ باد کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ مدارس بل کو حکومتی جماعتوں نے اتفاق رائے سے پاس کیا تھا، صدر نے 10 دن گزرنے کے بعد اعتراضات اٹھائے۔
انہوں نے کہا کہ چند علمائے کرام کو مدارس بل کیخلاف کھڑا کیا گیا، اب اتفاق رائے سے ہمارے موقف کو تسلیم کیا گیا۔ یو ٹرن لیا گیا تو انسانوں کا سمندر اسلام آباد کا رخ کرے گا۔رہنما جے یو آئی (ف) کا کہنا تھا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا جل رہے ہیں، حکومتی رٹ کہاں ہے؟ پاکستان کہاں آگے جارہا ہے؟ وسائل پر اپنا حق جتلانا غداری نہیں ہے۔ فلسطین کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کو امریکا اور اسرائیل نے تسلیم نہیں کیا، بہت جلد اسرائیل پر فلسطین کی حکومت قائم ہوگی۔