اسلام آباد(آئی پی ایس )پاکستان تحریک انصاف نے حکومت سے مذاکرات کیلئے مطالبات کا ڈرافٹ تیار کر لیا۔ذرائع پی ٹی آئی کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 5 ہزار سے زائد سیاسی قیدیوں کی رہائی کی فہرست تیار کر لی گئی، سیاسی قیدیوں کی فہرست میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کا نام سرفہرست رکھا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات کے دوران پی ٹی آئی سیاسی قیدیوں کی رہائی، 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن کے قیام کے مطالبات رکھے جائیں گے۔
تیار ڈرافٹ کے مطابق جوڈیشل کمیشن سپریم کورٹ کے 3 انتہائی سینئر ججز پر مشتمل ہونے کا مطالبہ بھی کیا جائے گا۔واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی تجویز پر پی ٹی آئی سے مذاکرات کیلئے حکومتی کمیٹی تشکیل دی ہے۔کمیٹی میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، رانا ثنا اللہ، سینیٹر عرفان صدیقی شامل ہیں، راجہ پرویز اشرف، سید نوید قمر، خالد مقبول صدیقی، عبدالعلیم خان اور چودھری سالک حسین بھی کمیٹی کے رکن ہیں۔
دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے حکومت کی جانب سے مذاکراتی کمیٹی کی تشکیل کا خیر مقدم کیا ہے۔ بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے کمیٹی کا اعلان خوش آئند ہے، حکومت اور پی ٹی آئی کے مذاکرات جامع اور نتیجہ خیز ہونے چاہئیں، امید ہے کم سے کم وقت میں تمام مسائل کا نتیجہ خیز حل نکل آئے گا۔