ضلع کرم کو دیگر علاقوں سے ملانے والی مرکزی شاہراہ 73 دن سے بند ہے۔ اشیائے خورونوش، تیل، ایل پی جی کی سپلائی معطل ہوگئی۔ بینکوں میں پیسے بھی ختم ہوگئے ۔ کے پی حکومت کا ہیلی کاپٹر ادویات لے کر پارا چنار پہنچ گیا۔
ضلع کرم کو دیگر اضلاع سے ملانے والی واحد شاہراہ کی بندش کے 70 روز سے زائد ہوگئے، دکانیں اور کاروبار بند ہے جبکہ اشیائے ضروریہ نہ ملنے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
اپر کرم کو ہر قسم کی سپلائی معطل ہے، چار لاکھ آبادی محصور ہوکر رہ گئی۔ ادویات نہ ملنے کے باعث مریضوں کا کوئی پرسان حال نہیں۔
بینکوں میں پیسے نہ ہونے کے باعث شہر میں اے ٹی ایمز بھی بند ہوگئے ۔ فیول بھی کہیں دستیاب نہیں۔ اپرکرم میں سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بھی تاحال نہیں کھل سکے۔
خیبرپختونخوا حکومت کا ہیلی کاپٹر ایمرجنسی ادویات لے کر پارا چنار پہنچ گیا۔ مشیر صحت کے مطابق ایک کروڑ 20 لاکھ روپے کی ادویات پہنچائی گئیں۔ ضلع کرم کے اسپتالوں میں دواؤں کی فراہمی یقینی بنادی۔
واضح رہے کہ 12 اکتوبر سے لے کر آج تک پاراچنار ٹل واحد مین شاہراہ ہر قسم آمد و رفت اور ٹریفک کیلئے بند ہے، پاراچنار کا دیگر اضلاع کے ساتھ زمینی رابطہ منقطع ہوچکا ہے، جس کے باعث اپر کرم کو ڈھائی ماہ سے کسی قسم کی سپلائی نہیں ہو رہی۔