Saturday, December 21, 2024
ہومپاکستانپاکستان کے میزائل پروگرام پر امریکی خدشات افسوسناک ہیں، دفتر خارجہ

پاکستان کے میزائل پروگرام پر امریکی خدشات افسوسناک ہیں، دفتر خارجہ

اسلام آباد (آئی پی ایس )ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا ہے کہ اسٹریٹجک پروگرام پر مداخلت ناقابل تصور اور ناممکن ہے، ملک کے سیاسی اور سماجی شعبے میں اس حوالے سے مکمل اتفاق رائے موجود ہے۔

سینئر امریکی عہدیدار کے تھنک ٹینک میں دیئے گئے بیان پر ترجمان دفتر خارجہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے میزائل پروگرام پر امریکی خدشات افسوسناک ہیں، امریکی الزامات بے بنیاد، غیر منطقی اور تاریخی حقائق سے عاری ہیں۔ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ 1954 سے پاکستان اور امریکا کے تعلقات مثبت اور وسیع رہے ہیں، بغیر شواہد کے الزامات تعلقات کے لیے نقصان دہ ہیں، پاکستان نے کبھی امریکا کے خلاف بدنیتی کا مظاہرہ نہیں کیا، پاکستان نے ان تعلقات کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان اب بھی امریکی پالیسیوں کے اثرات کا سامنا کر رہا ہے، پاکستان کو مخالف ممالک کے ساتھ جوڑنے کی کوشش افسوسناک ہے، پاکستان کی صلاحیتوں کو کسی ملک کے لیے خطرہ نہ سمجھا جائے۔ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ مشرقی پڑوسی کی خطرناک میزائل صلاحیتوں کو نظرانداز کیا جا رہا ہے، پاکستان کی اسٹریٹجک صلاحیتیں امن و استحکام کے لیے ہیں۔ پاکستان اپنی دفاعی ضروریات کے مطابق دفاعی صلاحیتوں کا حق رکھتا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔