لاہور (آئی پی ایس )پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10ویں ایڈیشن کے ڈرافٹس کی میزبانی پہلی بار بلوچستان کے تاریخی شہر گوادر میں کروائے جانے کا اعلان ہوگیا۔پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان سپرلیگ کے 10 ویں ایڈیشن کی تیاریاں جاری ہیں، بلوچستان کا پورٹ سٹی گوادر پی ایس ایل کے پلیئر ڈرافٹ کی میزبانی کرے گا، پلئیر ڈرافٹس کی تقریب 11 جنوری 2025 بروز ہفتہ منعقد ہوگی۔
بلوچستان کے ساحلی شہر میں ڈرافٹنگ کا مقصد اس کی ثقافتی اور اقتصادی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے، تقریب میں تمام فرنچائز سیزن 10 کے لیے کھلاڑیوں کو چنا کریں گی، پی ایس ایل کا میلہ اپریل مئی میں سجے گا۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ گوادر، اپنی شاندار ساحلی پٹی اور اسٹریٹجک اہمیت کے ساتھ پاکستان کے معاشی مستقبل کے دل کی حیثیت رکھتا ہے، یہاں ایچ بی ایل پی ایس ایل پلیئر ڈرافٹ کی میزبانی کرکے ہمارا مقصد اس کی ثقافتی اور اقتصادی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔