راولپنڈی (آئی پی ایس )پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین اور سابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پارٹی میں مجھے بھی سنا جائے اور سول نافرمانی کی تحریک موخر کرنے کا مشورہ میں نے دیا تھا، حکومتی مطالبے پر ہم نے قدم اٹھا کر مذاکراتی کمیٹی بنا دی ہے، اب حکومت بھی سنجیدگی کا مظاہرہ کرے۔
اڈیالہ جیل میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مجھے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، 9 مئی کو راولپنڈی نہیں کراچی میں تھا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں کہتا ہوں انسداد دہشت گردی ایکٹ کی سیکشن 16 کے تحت 9مئی پر میرا اور پراسیکیوشن کا حلف لیں، 40سال سے عملی سیاست کر رہا ہوں کسی کے ایک ٹکے کا روادار نہیں۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ پیر کو سلمان اکرم راجا مجھے ملنے کوٹ لکھپت جیل آئے تھے لیکن میں راولپنڈی میں تھا جس کی وجہ سے ملاقات نہیں ہو سکی۔سابق وزیرخارجہ نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی میں واحد سیاست دان ہوں جس نے بلدیاتی، صوبائی اور وفاقی سطح پر سیاست کی ہے اور میرا نکتہ نظر ہے کہ پارٹی میں مجھے بھی سنا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ سیاست میں مشاورت ہوتی ہے اور یہ سنت بھی ہے، بانی پی ٹی آئی عمران خان کو سول نافرمانی تحریک ملتوی کرنے کی تجویز دی تھی، حکومتی مطالبے پر ہم نے قدم اٹھا کر مذاکراتی کمیٹی بنا دی ہے اب حکومت بھی سنجیدگی کا مظاہرہ کرے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت مذاکرات کا آغاز کرے، ملک کو سیاسی استحکام کی ضرورت ہے، سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام نہیں آسکتا۔شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی بڑھ رہی ہے جہاں روزانہ ہمارے فوجی بچے شہید ہو رہے ہیں، جو لمحہ فکریہ ہے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ بلوچستان میں جس طرح غیر ملکی ہاتھ شورش کو ہوا دے رہا ہے وہ بھی لمحہ فکریہ ہے، سیاسی استحکام کے بغیر کوئی پاکستان میں سرمایہ کاری نہیں کرے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ملک میں اعتماد کافقدان ہے، ان چیلنجز کے پیش نظر سیاسی ڈائیلاگ شروع کیا جائے، ڈیڑھ سال ہو گیا میری ضمانت کا فیصلہ نہیں ہو رہا ہے، میرٹ پر فیصلہ کر دیں، میں کوئی رعائت نہیں مانگ رہا ہوں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جب مذاکرات کی بات ہو رہی ہے تو ہمیں بھی حکومت کو وقت دینا چاہیے، سول نافرمانی تحریک ملتوی کرنے کا حتمی فیصلہ بانی پی ٹی ائی کریں گے اورمذاکرات میں پیش رفت ہوئی تو یہ اچھی بات ہوگی۔انہوں نے کہا کہ میں نے بانی پی ٹی آئی سے گزارش کی تھی کہ حکومت کو وقت دیں تاکہ ان کی سنجیدگی کا اندازہ ہو جائے گا۔
ہم نے مذاکراتی کمیٹی بنا دی، اب حکومت بھی سنجیدگی کا مظاہرہ کرے، شاہ محمود قریشی
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔