Thursday, December 19, 2024
ہومپاکستاندفاعی تجزیہ کاروں کی ٹی وی پروگرامز میں شرکت کیلئے آئی ایس پی آر سے اجازت کا نوٹی فکیشن معطل

دفاعی تجزیہ کاروں کی ٹی وی پروگرامز میں شرکت کیلئے آئی ایس پی آر سے اجازت کا نوٹی فکیشن معطل

اسلام آ باد(آئی پی ایس )اسلام آباد ہائیکورٹ نے دفاعی تجزیہ کاروں کی ٹی وی پروگرامز میں شرکت آئی ایس پی آر کی اجازت سے مشروط کرنے کا پیمرا کا نوٹی فکیشن معطل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق دفاعی تجزیہ کاروں کی ٹی وی پروگرامز میں شرکت آئی ایس پی آر کی اجازت سے مشروط کرنے کے نوٹی فکیشن کے خلاف سماعت ہوئی۔نوٹی فکیشن کے مطابق صرف آرمڈ فورسز کے ریٹائرڈ افسران ہی ٹی وی پروگرامز میں شرکت کر سکتے تھے، پیمرا نے ریٹائرڈ افسران کی ٹی وی پروگرامز میں شرکت کو آئی ایس پی آر کی اجازت سے مشروط کیا تھا۔
جسٹس بابر ستار نے پیمرا کے 2019 کے نوٹی فکیشن کے خلاف کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا جس میں کہا گیا ہے کہ پیمرا کی جانب سے وکیل عدالتی سماعت میں پیش نہیں ہوئے، معاون وکیل نے سینئر وکیل کی طبیعت ٹھیک نہ ہونے پر التوا کی استدعا کی، عدالتی سماعت میں دیے گئے دلائل کی بنیاد پر پیمرا کا نوٹی فکیشن معطل کیا جاتا ہے۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنے حکم نامے میں مزید کہا کہ پیمرا کا نوٹی فکیشن اِس کیس پر فیصلے تک معطل رہے گا۔بعدازاں اسلام آباد ہائی کورٹ میں کیس کی آئندہ سماعت 11 فروری تک ملتوی کردی گئی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔