راولپنڈی (آئی پی ایس )وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ 26نومبر کو لاپتہ ہونے والے 200لوگوں میں سے کئی واپس آگئے اور اب تعداد صرف 54رہ گئی ہے، سول نافرمانی کی تحریک پر بانی پی ٹی آئی سے مشاورت ہوئی ہے۔
اڈیالہ جیل راولپنڈی میں کمرہ عدالت کے باہر صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ 26 نومبر احتجاج کے بعد سے ہمارے 200لوگ لاپتہ تھے مگر اب لاپتہ افراد تعداد کم ہوکر صرف 54رہ گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات میں سول نافرمانی تحریک کے حوالے سے مشاورت ہوئی کیونکہ ملک کے جو موجودہ حالات ہیں ان میں پاکستان کے لیے سوچنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔وزیراعلی خیبرپختونخوا نے مزید بتایا کہ شہدا اور زخمیوں کے حوالے سے کابینہ اور صوبائی سطح پر انکوائری کررہے ہیں، جو حالات بن گئے ہیں ایسے میں پاکستان کے لیے سوچنے پر مجبور ہیں، امید کرتا ہوں سیاسی جماعتیں غور و فکر اور مذاکرات کرکے کوئی حل نکالیں گی۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ جن کی حکومت ہے وہ اشارہ دیں گے تو مثبت ردعمل بھی آجائے گا، میری آفیشل میٹنگز میں گفتگو ہوتی رہتی ہے میں وہاں بھی بات کرتا ہوں۔انہوں نے دعوی کیا کہ ہفتہ 21 دسمبر تک دونوں اطراف سے مثبت پیش رفت کی امید ہے۔
چھبیس نومبر کے 200لاپتہ لوگوں میں سے اب 54رہ گئے، ہفتے تک مذاکرات میں پیشرفت ہوگی، علی امین گنڈا پور
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔