Thursday, December 19, 2024
ہومپاکستانچیف جسٹس پاکستان نے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس 21دسمبر کو طلب کرلیا

چیف جسٹس پاکستان نے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس 21دسمبر کو طلب کرلیا

اسلام آباد (آئی پی ایس )چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ججز تقرری رولز کے مجوزہ ڈرافٹ کا جائزہ لینے کے لیے جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا اجلاس 21 دسمبر صبح 11 بجے طلب کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا اجلاس سپریم کورٹ کے کانفرنس روم میں منعقد ہوگا، اجلاس میں جوڈیشل کمیشن کے تمام ارکان شرکت کریں گے جب کہ اجلاس میں ججز تقرری رولز کے مجوزہ ڈرافٹ کا جائزہ لیا جائے گا۔جسٹس جمال خان مندوخیل کی سربراہی میں رولز میکنگ کمیٹی نے رولز کا ڈرافٹ مکمل کرکے جوڈیشل کمیشن کو بھجوا دیا ہے۔ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن رولز کی منظوری کی صورت میں اسلام آباد اور چاروں صوبوں کی ہائی کورٹس میں اضافی ججز کی تقرری پر غور ہوگا۔
خیال رہے کہ دو روز قبل سپریم کورٹ نے ججز تعیناتی کے لیے جوڈیشل کمیشن رولز کا ابتدائی مسودہ جاری کیا تھا، سپریم کورٹ نے جسٹس مندوخیل کمیٹی کے مجوزہ رولز سپریم کورٹ ویب سائیٹ پر جاری کیے۔جس کے مطابق ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی تقرری 3 سینئر ترین ججز میں سے ہوگی جب کہ جوڈیشل کمیشن میں تمام ناموں پر غور کرنیکے بعد ووٹنگ کا عمل شروع ہوگا۔
مسودے کے مطابق ججز کی تقرری کے مجوزہ طریقہ کار کے مطابق میرٹ پیشہ ورانہ تعلیم، قانون پر عبور، صلاحیت پر مشتمل ہوگا، مسودے میں ججز تعیناتی کے لیے میرٹ میں امیدوار کی ساکھ اور دبا سے آزاد ہونا بھی شامل ہوگا۔اعلامیہ میں بتایا گیا کہ جوڈیشل کمیشن میں ججز تقرریوں کے مجوزہ رولز کو عوامی تبصروں اور آرا کے لیے ویب سائیٹ پر لگا دیا گیا ہے، مجوزہ رولز پر تمام تبصرے و تاثرات 20 دسمبر تک جمع کرائے جا سکتے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔