Wednesday, December 18, 2024
ہوماسلام آبادکرسمس کا تہوار محبت،امن اور رواداری کا درس دیتا ہے۔ چوہدری یٰسین

کرسمس کا تہوار محبت،امن اور رواداری کا درس دیتا ہے۔ چوہدری یٰسین

اسلام آباد :سی بی اے کمیٹی سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ کے زیر اہتمام کرسمس اور نئے سال کی خوشی میں تقریب کااہتمام سیکٹرG-6میں کیا گیا جس میں سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین،چیئرمین راجہ شاکر زمان کیانی،سپریم ہیڈ مرزاسعید اختر،ملک عاصم،سینئررہنماء صوفی محمودعلی،محمد اصغرمغل،حاجی صابر حسین،اسدمحمود،سید مقبول حسین شاہ،چوہدری واجد گجر،خالد محمود،راجہ رحیم نواز،وارث دلیپ،طارق شریف،سلیم بھٹی،حاجی جنید،تشکیل جاویدبھٹی،ماجد جاوید،سلیم بگا،رانا ندیم،چوہدری اشفاق گجر،فاروق نور،امجد مسیح سمیت سینکڑوں ملازمین اور سوشل میڈیاکی ٹیم نے شرکت کی،

تقریب کی مہمان خصوصی سابق امیدواربرائے قومی اسمبلی میڈیم سنیایونس صاحبہ تھیں،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق امیدواربرائے قومی اسمبلی میڈیم سنیایونس نے کہا کہ کرسمس کا تہوارامن،بھائی چارے،محبت اور خوشی کاتہوارہے اور آج جس طرح مسلم و مسیحی اتحاد کا مظاہر ہ کیا گیا اسکی مثال نہیں ملتی،ادارے میں اگر ملازمین کاحقیقی محافظ ہے تو وہ چوہدری محمد یٰسین اور اسکی ٹیم ہے جنھوں نے تمام ملازمین کوبلا تفریق مراعات دلوائیں اور ہم امیدکرتے ہیں کہ ریفرنڈم میں مسیحی برادری سمیت تمام ملازمین سی ڈی اے مزدور یونین کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروائیں گے،

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین نے سی ڈی اے میں کام کرنے والی مسیحی برادری سمیت دنیا بھرکی مسیحی کمیونٹی کوکرسمس اور نئے سال کی مبارکبادپیش کرتے ہوئے کہاکہ سی ڈی اے مزدور یونین کا طرہ امتیازہے کہ وہ رنگ،نسل اور مذہب سے بالاترہوکر تمام ملازمین کی خدمت کر رہی ہے جس طرح ہم نے مسلم ملازمین کے لیے حج پالیسی بنائی اسی طرح مسیحی ملازمین کے لیے ان کے مذہبی مقام ویٹی کن سٹی کی منظوری بھی کروائی،انھوں نے کہا کہ مسیحی برادری محب وطن ہے اور سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے) مسیحی برادری کی خوشیوں میں برابرکی شریک ہے،

اس موقع پر ہم سی ڈی اے میں کام کرنے والے تمام مسیحی ملازمین سمیت دنیا بھرکی مسیحی برادری کو کرسمس کے موقع پر دلی مبارکبادکاپیغام دیتے ہیں،ہم ہمیشہ کی طرح اس باربھی اپنے مسیحی بھائیوں اور بہنوں کی خوشیوں میں شریک ہوئے ہیں،ہم نے ادارے سے نفرتوں کا خاتمہ کرکے محبتوں کو رواج دیا ہے اورہم ہرسال کرسمس کے تہوارکو بڑے جذبے سے مناتے ہیں،انھوں نے کہا کہ سی ڈی اے مزدور یونین انشاء اللہ ریفرنڈم میں کامیابی کے بعد سینی ٹیشن ملازمین کے لیے 10,000روپے سپیشل الاؤنس منظورکروائے گی اور ادارے میں پڑھے لکھے نوجوانوں کے لیے انکی تعلیمی قابلیت کے مطابق پروموشن کوٹہ اور تمام مسٹررول و ڈیلی ویجز ملازمین کو ترجیح بنیادوں پر مستقل کروائیں گے،تقریب کے اختتام پر کرسمس او رنئے سال کی خوشی میں کیک کاٹاگیا اور ملکی ترقی اور سلامتی کے لیے خصوصی دعاکی گئی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔