ریاض(آئی پی ایس) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کنگ فہد سکیورٹی کالج کا تفصیلی دورہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دورے کے دوران ڈائریکٹر جنرل کنگ فہد سکیورٹی کالج میجر جنرل ڈاکٹر علی الدایج نے محسن نقوی کا استقبال کیا، وفاقی وزیر داخلہ نے کنگ فہد سکیورٹی کالج کے مختلف شعبے دیکھے اور اعلیٰ تعلیم کے جدید معیار کو سراہا، انہوں نے کنگ فہد سکیورٹی کالج کے ماسٹر پروگرام کی تعریف کی اور اسے نئے دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ قرار دیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کنگ فہد سکیورٹی کالج کے 5 سالہ سٹریٹجک پلان کی ستائش کی اور کالج کے ڈائریکٹر جنرل کی کاوشوں کو سراہا۔
انہوں نے ڈائریکٹر جنرل کنگ فہد سکیورٹی کالج ڈاکٹر علی الدایج سے ملاقات کی، اس دوران ایکسچینج پروگرام کے تحت دونوں ممالک کے گریجویٹس کے سٹڈی ٹورز اور ٹریننگ کرانے پر تبادلہ خیال کیا گیا، محسن نقوی نے کنگ فہد سکیورٹی کالج کے ماسٹر ڈگری کے گریجویٹس کو ایکسچینج پروگرام کے تحت سٹڈی ٹورز پر پاکستان آنے کی دعوت بھی دی۔
دوران ملاقات پاکستانی گریجویٹس کو مختصر مدت کے تربیتی کورسز کنگ فہد سکیورٹی کالج میں کرانے کی تجویز بھی زیر غور آئی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کنگ فہد سکیورٹی کالج بلاشبہ سٹیٹ آف دی آرٹ ادارہ ہے، سکیورٹی سے متعلق امور پر جدید ترین کالج سعودی قیادت کی جدید و منفرد سوچ کا عملی نمونہ ہے۔
محسن نقوی نے کالج میں قائم فرنزاک سائنس انسٹی ٹیوٹ کا بھی دورہ کیا، اس دوران وفاقی وزیر داخلہ کو کنگ فہد سکیورٹی کالج کی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
دوران بریفنگ کہا گیا کہ کنگ فہد سکیورٹی کالج میں آرٹیفشل انٹیلیجنس، لیڈر شپ مینجمنٹ اور سکیورٹی اپلیکیشنز میں ماسٹر ڈگری دی جاتی ہے،کنگ فہد سکیورٹی کالج انٹرنیشنل یونیورسٹیز کو سکیورٹی سکالر شپ بھی دیتا ہے۔