اسلام آباد (آئی پی ایس )وفاقی تحقیقاتی ایجنسی نے یونان کی سمندری حدود میں غیرقانونی تارکین کے کشتی حادثے کا مقدمہ درج کرلیا۔
ایف آئی اے گوجرانوالہ نے کشتی حادثے کا پہلا مقدمہ اپنی مدعیت میں درج کیا اور کشتی حادثے میں ملوث دو سہولت کار بھی گرفتار کر لیے ۔ ایف آئی اے نے بتایاکہ ایک ملزم کو گوجرانوالہ اور دوسرے کو گجرات سے گرفتار کیا گیا۔ایف آئی اے کا کہنا تھاکہ یونان کشتی حادثے میں ملوث انسانی اسمگلرز کے نام بھی سامنے آگئے، واقعے میں ملوث 18انسانی اسمگلرز کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق انسانی اسمگلرقمرالزمان عرف خرم ججہ کا نام مرکزی ملزم کے طور پر سامنے آیا ہے، خرم ججہ، اس کے بھائی عثمان سمیت فیملی کے 4 افراد مل کر گروہ چلاتے ہیں اور خرم ججہ لیبیا میں مقیم اور انسانی اسمگلنگ کے عالمی گروہ کے ساتھ منسلک ہے۔ایف آئی اے نے بتایاکہ خرم ججہ کا گروہ گجرات کے سنیارا گروہ کیخلاف کارروائی کے بعد سے سرگرم ہوا تھا، کوٹلی آزادکشمیرکے رہائشی شمریز کا نام بھی مرکزی ملزمان میں شامل ہے۔
یونان کشتی حادثے کا گوجرانوالا میں پہلا مقدمہ درج، 2سہولت کار گرفتار
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔