Thursday, December 12, 2024
ہومپاکستاناسد قیصر نے پیپلزپارٹی کو 26نومبر کے واقعات میں برابر کی شریک قرار دیدیا

اسد قیصر نے پیپلزپارٹی کو 26نومبر کے واقعات میں برابر کی شریک قرار دیدیا

پشاور (آئی پی ایس )سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پیپلزپارٹی کو 26نومبر کے واقعات میں برابر کی شریک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے ابھی تک رابطہ نہیں ہوا، حکومت کے ریسپانس کو دیکھیں گے، حکومت دہشت گردوں کے بجائے پی ٹی آئی کے پیچھے لگی ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے۔
پشاور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہا کہ 8 مقدمات میں پہلے راہداری ضمانت کرائی ہے اور 3 میں اب 31 دسمبر تک کرائی ہے، اس حکومت نے ایف آئی آر کی بھی وقعت ختم کردی ہے، ہمارے خلاف جو بھی ایف آئی آرز ہورہی ہیں سب میں دہشت گردی اور بغاوت کی دفعات لگائی جارہی ہیں، آپ خود مکس کررہے ہیں کہ کون دہشت گرد ہے، آپ ایک سیاسی کارکن پر دہشت گردی کی دفعات لگارہے ہیں۔سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ حکومت کے پاس نہ کوئی عقل ہے نہ سوچ اور نہ سنجیدگی، حکومت دہشتگردی پر فوکس نہیں کرپارہی، ان کا سار افوکس پاکستان تحریک انصاف کے خلاف ہے، تمام ادارے پی ٹی آئی کو دبانے کیلئے اپنی تمام کاوشیں کررہے ہیں۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں دیکھیں کیا صورتحال ہے ،حکومت کی رٹ ختم ہوگئی ہے، ہمارے صوبے خیبرپختونخوا کے حالات بھی دیکھ لیں، ان کے پاس اتنا وقت ہی نہیں کہ اصل ٹارگٹ پر فوکس رکھیں، ہم جمہوری لوگ ہیں،قانون و آئین پر یقین رکھتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم دہشت گردی کی دفعات کی مذمت کرتے ہیں، انہوں نے دہشت گردوں کے بجائے سیاسی ورکرز پر فوکس رکھا ہوا ہے، زبردستی پی ٹی آئی کارکنان کو دیوار سے لگایا جارہا ہے، اگر آپ کا خیال ہے ایسے ملک میں سیاسی استحکام آئے گا تو یہ غلط فہمی ہے۔پی ٹی آئی رہنما کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم اپنی جدوجہد کو آگے بڑھائیں گے، ہمارے تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے، ہمارا مطالبہ ہے 9مئی اور 26 نومبر کو جو ہوا اس کی جوڈیشل کمیشن بناکر انکوائری کی جائے، پاکستان سب کا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم آئین و قانون کے مطابق جہدوجہد کررہے ہیں، حکومت اگر سیاسی کارکنوں کو دہشت گرد ڈکلیئر کررہی ہے پھر لوگ کیسے یہ مانیں گے، حکومت دہشت گردوں کے بجائے پی ٹی آئی کے پیچھے لگی ہے، ملک میں امن و امان کی صورتحال خراب ہے اور حکومت پی ٹی آئی کے پیچھے لگی ہے۔سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ حکومت سیاسی لوگوں کو دہشت گرد ڈکلیئر کررہی ہے اس کی مذمت کرتے ہیں، اب 13 کی بجائے 15 دسمبر کو باغ ناران میں شہدا کے لیے تقریب ہوگی، حکومت نے پرامن شہریوں پر گولیاں چلائیں، ہمارے مینڈیٹ کو چوری کیا گیا، 26 وی ترمیم کو غیرقانونی طور پر پاس کیا گیا، یہ جمہوری حکومت نہیں ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے، پنجاب اسلام آباد میں پختونوں کے ساتھ جو سلوک کیارہا ہے یہ ملک کے ساتھ سازش ہے۔
اسد قیصر کا کہانا تھا کہ افغانستان کے ساتھ کاروبار بند کیا گیا، یہ زیادتی یے، ہمارا مطالبہ ہے کہ پختونوں کے ساتھ زیادتی میں جو ملوث ہے اس کے خلاف کارروائی کی جائے، مولانا فضل الرحمان کے ساتھ رابطے میں ہے، ہم چاہتے ہیں کہ اس حکومت کے خلاف مشترکہ تحریک چلائے، پیپلزپارٹی 26 نومبر کے واقعات میں برابر کی شریک ہے، گورنر ہاوس کل جماعتی کانفرنس میں اس وجہ سے شرکت نہیں کی، حکومت کی طرف سے ابھی تک رابطہ نہیں ہوا، ہمارے جو مطالبات ہے اس پر بات کریں گے، حکومت کا کیا ریسپانس آتا ہے اس کو دیکھیں گے۔
قبل ازیں پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی راہداری ضمانت منظور کر لی۔چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس اشتیاق ابراہیم نے پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کی 3مقدمات میں راہداری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی، اس موقع پر اسد قیصر اور ایڈووکیٹ جنرل بھی عدالت میں پیش ہوئے۔وکیل نے کہا کہ اسد قیصر کے خلاف 3 مختلف مقدمات درج ہیں۔پشاور ہائیکورٹ نے اسد قیصر کی 31 دسمبر تک راہداری ضمانت منظور کرلی اور اسلام آباد اور راولپنڈی ڈویژن کی پولیس کو ان کی گرفتاری سے روک دیا۔
دوسری جانب مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹرمحمد علی سیف نے کہا ہے کہ چچا اور بھتیجی نے مل کر عمران خان پر جعلی مقدمات ڈبل سنچری کے قریب پہنچادیے، وہ دن دور نہیں جب جعلی مقدمات کا خاتمہ ہوگا اور وہ عوام کے درمیان ہوں گے۔مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹرمحمد علی سیف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرنے کا سلسلہ جاری ہے، چچا اور بھتیجی مل کر عمران خان پر جعلی مقدمات کی ڈبل سنچری کے قریب پہنچ گئے ہیں۔بیرسٹر سیف نے کہا کہ پنجاب میں سابق وزیراعظم عمران خان پر 99 جبکہ اسلام آباد میں 74 ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں، جیل کے اندر بیٹھ کر کوئی جرم کیسے کرسکتا ہے؟ ستم ظریفی یہ ہے کہ درجنوں مقدمات بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری کے بعد درج کیے گئے ہیں۔
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان بالکل صحیح کہتے ہیں، ایک تو یہ پڑھے لکھے نہیں اور اوپر سے کوشش بھی نہیں کرتے، سابق وزیراعظم چچا اور بھتیجی سمیت پوری ن لیگ کے اعصاب پر سوار ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمران خان تمام جعلی مقدمات کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں، جعلی مقدمات سے سابق وزیراعظم کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہوتا ہے، وہ دن دور نہیں جب جعلی مقدمات کا خاتمہ ہوگا اور عمران خان عوام کے درمیان ہوں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔