پشاور(آئی پی ایس )کے پی حکومت نے ایک بار پھر 25دسمبر کو مینار پاکستان پر ڈی چوک شہدا کی دعائیہ تقریب کا اعلان کرتے ہوئے چیلنج کیا ہے کہ ن لیگ بھی جلسہ کرلے اور ہم بھی، اس روز آپ کے جلسے سے زیادہ لوگ نکلیں گے اور ثابت کریں گے کہ وہ عمران خان کے ساتھ ہیں۔
اس بات کا اعلان معاون خصوصی سہیل آفریدی نے کے پی اسمبلی اجلاس کے دوران کیا۔انہوں نے کہا 26 نومبر کو نہتے لوگوں پر گولیاں برسائی گئیں یہاں اخلاقی اقدارختم ہوچکے ہیں کچھ لوگ دوسروں کے احسانات تلے دب چکے ہیں جوحق کی بات تک نہیں کرسکتے ہم اپنا آئین و قانونی حق لینے ڈی چوک گئے تھے اگر عمران خان کو ناحق جیل میں نہ ڈالا گیا ہوتا تو ہم اسلام آباد نہ جاتے، پچھلے ڈھائی برس سے قانون کا دروازہ کھٹکھٹارہے ہیں لیکن ہمیں انصاف نہیں مل رہا۔
انہوں نے کہا کہ ہم ججز مداخلت پر خطوط لکھ رہے ہیں اتنے عرصہ مزاحمتی تحریک کسی نے نہیں چلائی جو پی ٹی آئی ورکرز نے انجام دی، ہماری سیاسی لیڈرشپ بے گناہ قید میں ہے۔انہوں نے کہا کہ 25 دسمبرکو لاہور مینار پاکستان میں شہدا کیلئے دعائیہ تقریب منعقد کریں گے اس کے مقابلے میں آپ بھی پنجاب میں جلسہ کرلیں اگرہمارے لوگ زیادہ نہ ہوئے تو استعفی دے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ پشتون ہمیشہ ظلم کے خلاف کھڑا ہوا ہے ہم نے کسی کی غلامی نہیں کی ہے، پشتونوں کے سروں کی قیمت ادا کرنے والے آج ہمیں درس دیں گے۔
اس مو قع پر جے یو آئی کی رکن صوبائی اسمبلی ریحانہ اسماعیل کی جانب سیکورم کی نشاندہی کی گئی جس کے بعد اجلاس آج بروزمنگل تک کیلئے ملتوی کردیاگیا۔
خیبرپختونخوا حکومت کا 25دسمبر کو مینار پاکستان پر ڈی چوک شہدا کی دعائیہ تقریب کا اعلان
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔