Wednesday, December 4, 2024
ہومپاکستانسندھ ہائیکورٹ نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جناح اسپتال ڈاکٹر شاہد رسول کو کام کرنے سے روک دیا

سندھ ہائیکورٹ نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جناح اسپتال ڈاکٹر شاہد رسول کو کام کرنے سے روک دیا

کراچی(آئی پی ایس )سندھ ہائیکورٹ نے ڈیپوٹیشن پر تعینات ایگزیکٹو ڈائریکٹر جناح اسپتال ڈاکٹر شاہد رسول کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے کام کرنے سے روک دیا۔
ہائیکورٹ میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر جے پی ایم سی ڈاکٹر شاہد رسول کی ڈیپوٹیشن پر تعیناتی سے متعلق سماعت ہوئی۔ درخواستگزار ڈاکٹر نازش بٹ کے وکیل الطاف جاوید ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ جے پی ایم سی وفاق کے تحت چلتا ہے۔ وفاقی حکومت کے رولز کے مطابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی پوسٹ پر نچلے گریڈ کے افسر کو پرموٹ کیا جاتا ہے یا پھر پبلک سروس کمیشن کے تحت نئی تقرری ہوتی ہے۔
وکیل درخواست گزار نے مزید کہا کہ سندھ حکومت نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جے پی ایم سی کی تعیناتی کے لیے وفاق سے مشاورت بھی نہیں کی۔ ڈاکٹر شاہد رسول کو ڈیپوٹیشن پر تعیناتی کے وقت جے پی ایم سی کے رولز کو بھی مدنظر نہیں رکھا گیا۔درخواست گزار نے مزید کہا کہ ڈاکٹر شاہد رسول جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں پروفیسر ہیں اور جناح اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے عہدے کے لیے اہل ہی نہیں ہیں، لہذا عدالت عالیہ سے استدعا ہے کہ ڈاکٹر شاہد رسول کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا جائے۔
عدالت نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جناح اسپتال ڈاکٹر شاہد رسول کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے انہیں کام کرنے سے روک دیا۔ عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔