سیول(آئی پی ایس )اپوزیشن پر ریاست مخالف سرگرمیوں کے الزامات کے بعد صدر مملکت کی جانب سے ملک میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے مارشل لا لگانے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی کوریا کے صدر یون نے اپوزیشن پر ریاست مخالف سرگرمیوں کا الزام لگاتے ہوئے ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔صدر یون سک یول نے ٹیلی ویژن خطاب میں اعلان کیا ہے کہ آزاد اور جمہوری ملک کی تعمیر نو کریں گے۔یون سک یول کا کہنا تھا کہ ان کے پاس آزاد اور آئینی نظام کے تحفظ کے لیے اس طرح کے اقدام کا سہارا لینے کے علاوہ اور کوئی چارہ نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حزب اختلاف کی جماعتوں نے پارلیمانی پروسیس کو یرغمال بنالیا ہے تاکہ ملک کو بحران میں دھکیلا جا سکے۔ان کا کہنا تھا کہ ایک آزاد خیال جنوبی کوریا کو شمالی کوریا کی کمیونسٹ قوتوں کی طرف سے لاحق خطرات سے بچانے اور ریاست مخالف عناصر کو ختم کرنے کے لیے میں یہاں ہنگامی مارشل لا کا اعلان کرتا ہوں۔
2022 میں اقتدار سنبھالنے کے بعد سے، یون نے اپوزیشن کے زیر کنٹرول پارلیمنٹ کے خلاف اپنے ایجنڈوں کو آگے بڑھانے کے لیے جدوجہد کی ہے۔یون سک یول نے ملک کی حزب اختلاف کی ڈیموکریٹک پارٹی کی طرف سے ایک تحریک کا حوالہ دیا، جس کی پارلیمنٹ میں اکثریت ہے، رواں ہفتے ملک کے کچھ اعلی استغاثہ کے خلاف مواخذے اور حکومتی بجٹ کی تجویز مسترد کرنے کے لیے یہ تحریک پیش کی گئی تھی۔
جنوبی کوریا کے صدر نے اپوزیشن کی مواخذے کی قرارداد کی منظوری سے قبل ملک میں مارشل لا لگا دیا
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔