Thursday, December 12, 2024
ہومتازہ ترینپاکستان میں عالمی معیار کی انسداد فسادات فورس تشکیل دی جائے گی، وزیراعظم

پاکستان میں عالمی معیار کی انسداد فسادات فورس تشکیل دی جائے گی، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں انتشار پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی پر پیشرفت کا ہفتہ وار جائزہ لیا جائے گا اور پاکستان میں عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق عالمی معیار کی انسداد فسادات فورس تشکیل دی جائے گی۔

پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں 24 نومبر کو ہونے والے دھرنے میں فسادات کی تحقیقات کے لیے تشکیل کردہ ٹاسک فورس کا پہلا اجلاس ہوا۔

اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ دھرنوں میں قانون پامال کرنے والوں، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو زخمی اور شہید کرنے والوں کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزائیں دی جائیں۔ انتشار پھیلانے والوں نے بیلاروس کے صدر کے پاکستان کے سرکاری دورے کے وقت ملک کے دارالحکومت پر لشکر کشی کی جو ہمارے لیے شدید شرمندگی کا باعث بنا۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد سیف سٹی میں فارنزک لیب شامل کرکے اسے بین الاقوامی معیار پر لایا جائے گا، اور اس کے لیے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ موقع واردات سے اسلحہ، فائرنگ کے نتیجے میں ملنے والے کارتوس اور خول اور دیگر شواہد اکٹھے کیے جاچکے ہیں، تمام شواہد فارنزک کے لیے بھیجے جائیں گے، موقع واردات پر موجود فسادیوں کی شناخت کا عمل بھی تیز ی سے مکمل کیا جا رہا ہے۔ شناخت کے بعد تمام فسادیوں کو عدالتوں میں پیش کیا جائے گا۔

اجلاس میں وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ اور دیگر اعلیٰ افسران شریک ہوئے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔