Thursday, December 26, 2024
ہومبریکنگ نیوزچیمپئنز ٹرافی کیلئے بھارت کو پاکستان ضرور آنا چاہئے، بگڑے تعلاقات سنوارنا چاہتے ہیں، نواز شریف

چیمپئنز ٹرافی کیلئے بھارت کو پاکستان ضرور آنا چاہئے، بگڑے تعلاقات سنوارنا چاہتے ہیں، نواز شریف

لندن (سب نیوز )پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور وزیرِاعلی پنجاب مریم نواز لندن میں واقع ایون فیلڈ ہاس پہنچ گئے ہیں۔لندن پہنچنے پر نواز شریف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارت کو پاکستان ضرور آنا چاہئے، پاکستان تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اچھا ہوتا بھارتی ٹیم چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان آکر کھیلتی، امید ہے جلد ایسا وقت آئے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے بھارت کے ساتھ تعلقات سنوارنے میں کوئی مشکل نظر نہیں آتی، پاکستان کے تمام ہمسایوں کے ساتھ اچھے تعلقات ہونے چاہئیں۔ پاکستان کے امریکا کے ساتھ اچھے تعلقات رہے اور رہنے چاہئیں۔صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے ملک میں بدتمیزی کے کلچر کی بنیاد رکھ دی ہے، نوجوانوں کو لگا دیا گیا ہے کہ گاڑیوں کے پیچھے بھاگو، کوئی ایک منصوبہ بتایا جائے جو پی ٹی آئی نے اپنے دور حکومت میں دیا ہو۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت میں بہتری آنا شروع ہوگئی ہے اور مہنگائی مسلسل نیچے آرہی ہے۔ وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے سب سے پہلے آٹے اور روٹی کی قیمتیں کم کرنے کے لیے اقدامات کیے، معیشت کی بہتری کے لیے شہباز شریف نے بے پناہ اقدامات کیے، 6 سے 7 سال بعد پاکستان میں اب دوبارہ ترقی ہورہی ہے۔

اس موقع پر وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا کہ اسموگ کا مسئلہ راتوں رات حل نہیں ہوسکتا، تاہم چند سال میں اس مسئلے کو حل کردیں گے۔مریم اورنگزیب اور شریف خاندان کے دیگر افراد بھی ہمراہ ہیں، لندن پہنچنے پر مسلم لیگ (ن) کے کارکنان نے قائدین کا استقبال کیا، کارکنان نے قائدین کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔