Wednesday, November 13, 2024
ہومبریکنگ نیوزعمران خان کی رہائی کے لیے لانگ مارچ یا دھرنا بھی دے سکتے ہیں، پی ٹی آئی کا اعلان

عمران خان کی رہائی کے لیے لانگ مارچ یا دھرنا بھی دے سکتے ہیں، پی ٹی آئی کا اعلان

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیئر رہنما رؤف حسن نے کہا ہے کہ آج سے ہم نے عمران خان کی رہائی کے لیے فائنل کال کی طرف بڑھنا شروع کردیا ہے، ہم لوگوں کو منظم کریں گے اور جب بھی عمران خان کال دیں گے تو احتجاج شروع ہوجائے گا، اور پھر لانگ مارچ یا دھرنا بھی دے سکتے ہیں۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ملک میں جو فسطائیت آج ہے تاریخ میں کسی نے نہیں دیکھی، چادر اور چاردیواری کا تقدس پامال کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ایک جلسے کی کال سے حکومت کی نیندیں حرام ہوجاتی ہیں، جلسہ صوابی میں تھا اور راستے راولپنڈی اسلام آباد کے بند کیے گئے۔

رؤف حسن نے کہاکہ میں اداروں سے مذاکرات کے حق میں ہوں، عمران خان سے بات کیے بغیر ملک آگے نہیں چل سکتا، ہم جتنا جلد اس حقیقیت کو تسلیم کرلیں پاکستان کے حق میں بہتر ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی میں فارورڈ بلاک بنانے کی تمام کوششیں ناکام رہیں، جس کے باعث حکومت خوف کے عالم میں ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم سے بات چیت کا اختیار عمران خان نے محمود اچکزئی کو دے رکھا تھا لیکن گفتگو کا آغاز نہیں ہوسکا۔

انہوں نے کہاکہ امریکا سے ہمیں کوئی امید نہیں ہے، پاکستان کے مسائل کوئی دوسرا ملک حل نہیں کرے گا، صوابی جلسے میں امریکا کا جھنڈا میں نے نہیں دیکھا۔

رؤف حسن نے کہاکہ ہم 26ویں آئینی ترمیم کو چیلنج کرنے جارہے ہیں، عمران خان کی رہائی کے لیے ہر آپشن استعمال کیا جائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ اس سے قبل ہمیں امید تھی کہ عدالت سے کوئی ریلیف مل جائے گا لیکن حکومت نے من مرضی کرتے ہوئے 26ویں آئینی ترمیم کردی۔

یہ بھی پڑھیں پی ٹی آئی کے صوابی جلسے میں امریکی پرچم لہرا دیا گیا

انہوں نے مزید کہاکہ ہماری تحریک کا اختتام عمران خان کی رہائی پر ہی ہوگا، اس کی کامیابی کے لیے ہمارے پاس کئی آپشنز موجود ہیں

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔