Thursday, November 7, 2024
ہوماسلام آباداہل قیادت کا انتخاب ادارے و ملازمین کا مستقبل محفوظ بنائے گا، چوہدری محمد یسین

اہل قیادت کا انتخاب ادارے و ملازمین کا مستقبل محفوظ بنائے گا، چوہدری محمد یسین

اسلام آباد(آئی پی ایس )سی ڈی اے مزدور یونین کے اعزازمیں عظیم الشان استقبالیہ و شمولیتی جلسہ اولڈنیول کمپلیکس میلوڈی میں منعقدہواجس میں سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یسین،صدراورنگزیب خان،چیئرمین راجہ شاکر زمان کیانی،صوفی محمودعلی،حاجی صابر،سردارمحمد آصف،حاجی مشتاق احمد شاہد،ملک عاصم،ثنا اللہ خان،چوہدری عمران،یاسرمحمود،چوہدری شاہد کھٹانہ،خالد محمود،سردارخان نیازی،راجہ رئیس،راجہ عدنان شفیق،چوہدری طارق گجر،چوہدری واجد گجر،چوہدری ابرارسمیت سی ڈی اے مزدور یونین کے مرکزی عہدیداران،سی بی اے کمیٹیزکے نمائندگان اورہزاروں ملازمین نے بھرپورشرکت کی

ملازمین جلوسوں کی شکل میں ڈھول کی تھاپ کر رقص کرتے ہوئے پنڈال پہنچے جس سے پنڈال کا سماں میلے جیساہو گیا،ملازمین کا جوش وجذبہ عروج پر تھا اور نعروں سے سی ڈی اے مزدور یونین کی قیادت کوخراج تحسین پیش کر رہے تھے،اس موقع پر صادق گروپ کے چیئرمین آصف صادق،قیصر صادق، ناصر صادق،بابرنذیر،دلاورمسیح اور انوائرمنٹ ڈائریکٹوریٹ فیصل ایونیو سے ملک شکیل احمد،محمد عارف،محمد مسکین،نصیر احمد،سیونتھ ایونیوسے محمد زبیر سپروائزر،طارق محمود،سدھیراحمد،محمد نصیر،صفدرمحمود،محمد عرفان،لیک ویوپارک سے سردار محمد طیب،شیخ وسیم عباس،محمد رضوان و دیگر نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت امان اللہ اور پاشاگروپ کو چھوڑ کر سی ڈی اے مزدور یونین (چوہدری محمدیسین گروپ)میں شمولیت کا اعلا ن کیا،اس موقع پر نئے شامل ہونے والے ملازمین نے کہا کہ ہم سی ڈی اے مزدور یونین کی کارکردگی اور ملازمین کے لیے خدمات کو دیکھ کر شامل ہوئے ہیں،بلاشبہ سی ڈی اے مزدور یونین ہی واحد تنظیم ہے جو رنگ،نسل اور مذہب سے بالاترہو کر مزدوروں کی خدمت کر رہی ہے،ہم آنے والے ریفرنڈم میں سی ڈی اے مزدور یونین کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروائیں گے

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یسین نے کہا کہ سی ڈی اے مزدور یونین نے فیلڈ سٹاف اور سی ڈی اے میں کام کرنے والے تعلیم یافتہ نوجوانوں کو ہمیشہ اولین ترجیح دی اور تمام محنت کشوں کے سکیل اپ گریڈ کروائے،مختلف شعبوں میں کام کرنے والے ملازمین کو بے شمار الانس دلوائے گئے اور ان میں سوفی اضافہ کروایا،ادارے میں کام کرنے والے سات ہزارملازمین کی ٹائم سکیل اور ہزاروں کی تعدادمیں پروموشن کروائی،سی ڈی اے میں کام کرنے والے فیلڈ سٹاف کے لوگ ہوں یا تعلیم یافتہ کلیریکل سٹاف تمام باشعور لوگ سی ڈی اے مزدور یونین پر اپنے اعتماد کا اظہار کرتے ہیں،آج اسی حوالے سے ادارے کے پچیس سٹینوٹائپسٹ(BPS-14) جن کی عرصہ 17سال سے پروموشن رکی ہوئی تھی ان کے بطور سٹینوگرافر(BPS-16)آرڈرزکروائے جس سے ان خاندانوں میں خوشحالی آئے گی اور وہ بہترطور پر زندگی گزارسکیں گے،انھوں نے کہا کہ اگرکیپیٹل ہسپتال کی نجکاری کی گئی تو سی ڈی اے مزدور یونین بھرپور مزاحمت کرے گی، وزیر اعظم امدادی پیکج کو عدالت عالیہ نے گزستہ دنوں ختم کردیاتھا جس کی بحالی کے لیے سی ڈی اے مزدور یونین اور پاکستان ورکرزفیڈریشن کے پلیٹ فارم سے نظرثانی اپیل دائرکریں گے،بیوہ اور یتیم بچوں کی سرپرستی اور کفالت کے لیے ہر فورم پر جدوجہدکریں گے اور کسی قیمت پرمتاثرہ خاندانوں کو تنہانہیں چھوڑاجائے گا

سی ڈی اے مزدور یونین نے اپنے ملازمین کو ہمیشہ حقوق کے ساتھ فرائض کی ادائیگی کا بھی درس دیا کیونکہ جب ادارے ترقی کرتے ہیں تو ادارے کا ملازم خوشحال ہوتا ہے،ٹریڈ یونین کی سیاست کو عبادت کا درجہ دیا کبھی منافقت اور جھوٹ کا سہارا لے کر ملازمین کو بیوقوف نہیں بنایا جبکہ نا اہل اور بچہ جمہورہ یونین نے ہمیشہ ملازمین کو سبز باغ دکھا کر ان کے مستقبل سے کھیلنے کی کوشش کی لیکن ان جھوٹ اور منافقت کی سیاست کرنے والوں میں اتنی جرات نہیں کہ وہ ریفرنڈم کے میدان میں محنت کشوں کا مقابلہ کرسکیں لیکن سی ڈی اے مزدور یونین انشا اللہ ان بہروپیوں کو ریفرنڈم کے میدان میں لاکر عبرت ناک شکست سے دوچارکرے گی،جلسے کے اختتام پر سی ڈی اے مزدور یونین کے قائد چوہدری محمد یسین نے ادارے کے پچیس سٹینوٹائپسٹ ملازمین میں بطور سٹینوگرافرپروموشن کے لیٹرزتقسیم کیے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔