راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کا دن ہے، سابق وزیراعظم سے آج پارٹی کے 6 رہنما ملاقات کریں گے۔
ملاقات کرنے والوں میں شبلی فراز، عامر ڈوگر اور اسد قیصر شامل ہیں جبکہ شیخ وقاص اکرم، علامہ راجہ ناصرعباس اور ملک احمد خان بھی ملاقات کریں گے۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کی سیاسی رہنماؤں سے ملاقات نہ کرانے پر اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو کل طلب کرلیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سرداراعجازاسحاق نے عدالتی حکم کے باوجود بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سیاسی رہنماؤں سے ملاقات نہ کرانے کی توہینِ عدالت درخواست پر سماعت کی جبکہ سابق وزیراعظم کی جانب سے وکیل ایڈووکیٹ فیصل چوہدری عدالت میں پیش ہوئے۔
فیصل چوہدری نے مؤقف اپنایا کہ پہلے اسی عدالت سے آرڈر ہو چکے ہیں، جیل رولز کے مطابق عدالت نے آرڈر جاری کیے تھے۔
عدالت نے سوال کیا کہ اب کیا صورتِ حال ہے؟ جس پر وکیل فیصل چوہدری نے جواب دیا کہ پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتیں پھر کینسل کردی گئی ہیں، ہم بار بار اس عدالت کو تکلیف دیتے ہیں لیکن مجبورا ہمیں یہاں آنا پڑتا ہے، شبلی فراز، عمرایوب اور اسد قیصر کو ملنے نہیں دیا گیا، اسی عدالت نے 3 وکلاء پر مشتمل کمیشن بھی قائم کیا تھا لیکن اس پر عمل درآمد نہیں ہو رہا۔
جسٹس سردار اعجاز اسحاق نے پوچھا کہ درخواست گزار اب کسی کیس میں سزا یافتہ تو نہیں، جس پر فیصل چوہدری نے کہا کہ نہیں درخواست گزار اب سزا یافتہ نہیں انڈر ٹرائل قیدی ہے۔
عدالت نے اسٹیٹ کونسل سے استفسار کیا کہ کیا وجہ ہے بار بار ایسا ہوتا ہے؟ ہمارے آرڈر کے باوجود اگر پٹیشن آتی ہے تو ہم نے لکھا تھا کہ اسٹیٹ پر جرمانہ عائد ہو گا۔
اس پر اسٹیٹ کونسل نے کہا کہ ہم جیل حکام سے پوچھ لیتے ہیں جو بھی صورتِ حال ہے، سپرنٹنڈنٹ جیل ہی بہتر بتا سکتے ہیں کہ کیوں ملاقات نہیں کروائی جاتی؟
عدالت نے اسٹیٹ کونسل کو ہدایت کی کہ آپ اس درخواست کو دیکھیں، کل سپرنٹنڈنٹ جیل کو کہیں کہ پیش ہوں۔
عدالت نے جیل سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ کو کل 10 بجے طلب کر کے سماعت ملتوی کر دی۔
پی ٹی آئی کے 6رہنما آج عمران خان سے ملاقات کریں گے
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔