واشنگٹن(آئی پی ایس) انتظار کی گھڑیاں ختم ہوگئیں ، امریکا کے صدارتی انتخابات کے نتائج آنے کاسلسلہ جاری ہے اور اب تک ری پبلکن صدارتی امیدوار ٹرمپ کا پلڑا بھاری ہے جبکہ ڈیموکریٹ امیدوار کملا پیچھے ہیں ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ 232 الیکٹورل ووٹ حاصل کرکے آگے ہیں جبکہ کملاہیرس 211 الیکٹورل ووٹ حاصل کر سکیں، کسی بھی امیدوار کو جیت کیلئے 538 میں سے 270 الیکٹورل ووٹ درکار ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق ریاست انڈیانا ، کینٹکی، ریاست اوکلوہاما ، الباما ، جنوبی کیرولینا، ریاست مسی سپی میں ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کامیاب ہو گئے ، ویسٹ ورجینیا میں بھی ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کامیاب ہوئے، کملا ہیرس ورمونٹ میں کامیاب ہوگئیں، ورمونٹ میں کملاہیرس نے 3 ہزار 77 ووٹ حاصل کئے، ڈونلڈ ٹرمپ کو ورمونٹ میں2561 ووٹ ملے۔
کملا ہیرس نے نیومیکسکیو میں 5، اوری گن 8، کولوراڈو میں 10، مین 1، ہوائی 4 ، واشنگٹن میں 12 ، ڈسٹرکٹ آف کولمبیا میں 3 اور کیلیفورنیا میں 54 الیکٹورل ووٹ لے کرمیدان مار لیا ، کملا نے سب سے زیادہ ووٹ لے کرکیلیفورنیا میں کامیابی حاصل کی ۔
ریاست ہوائی میں دسویں مرتبہ ڈیموکریٹ پارٹی نے کامیابی حاصل کی ہے ۔
ایری زونا، جارجیا، مشی گن، نیواڈا، شمالی کیرولینا، پینسلوینیا اور وسکونسن وہ سات ریاستیں ہیں جن کو ’سوئنگ سٹیٹس‘ کہا جاتا ہے اور انہی کے پاس وائٹ ہاؤس کی کنجیاں ہیں۔
سوئنگ ریاستوں میں پنسلیوینیا ، جارجیا ، مشی گن ، ایری زونا ، وسکونسن اور نیواڈا میں بھی ڈونلڈ ٹرمپ کو برتری حاصل ہے جبکہ کملا ہیرس نے مشی گن میں میدان مارلیا ۔
واضح رہے کہ 5 نومبر کے باقاعدہ الیکشن سے پہلے تقریباً آٹھ کروڑ سے زائد شہری ووٹ ڈال چکے ہیں ۔
سینیٹ میں ری پبلکنز کو سادہ اکثریت حاصل
سینیٹ میں بھی ڈونلڈ ٹرمپ کو کاملا ہیرس کی پارٹی پر برتری حاصل ہے، امریکی سینیٹ میں ری پبلکنز نے 100میں سے 51 نشستیں لے کر سادہ اکثریت حاصل کرلی۔
دوسری جانب بدامنی کےخدشات کے سبب امریکی نیشنل گارڈ کو الرٹ کردیا گیا ہے، امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی نیشنل گارڈز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ 15 ریاستوں میں نیشنل گارڈز کے 250 اہلکار انتخابی عمل میں تعاون فراہم کررہے ہیں۔
ترجمان کے مطابق الاباما، ایریزونا، ڈیلاویئر، ہوائی، ایلانوئے، لووا، نیو میکسیکو، شمالی کیرولائنا، اوریگون، پینسلوینیا، ٹینیسی، ٹیکساس، واشنگٹن، وسکونسن اور مغربی ورجینیا میں نیشنل گارڈز خدمات انجام دے رہیں۔
امریکی کانگریس کی جانب سے انتخابی ووٹوں کی گنتی اور باضابطہ طور پر انتخابات کے فاتح کی تصدیق کے لیے چھ جنوری 2025 کو واشنگٹن میں اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ نئے صدر کی تقریب حلف برداری بیس جنوری کو واشنگٹن میں منعقد ہو گی۔
امریکی انتخابات: ٹرمپ 232 الیکٹورل ووٹ لیکر آگے، کملا211 ووٹوں کیساتھ پیچھے
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔