Wednesday, November 6, 2024
ہومبریکنگ نیوزسینیٹ کمیٹی کا وزارت ہا ئو سنگ اینڈ ورکس کی کارکردگی پر اظہار برہمی، چیئرمین سی ڈی اے طلب

سینیٹ کمیٹی کا وزارت ہا ئو سنگ اینڈ ورکس کی کارکردگی پر اظہار برہمی، چیئرمین سی ڈی اے طلب

اسلام آباد (سب نیوز )ایوان بالا (سینیٹ) کی قائمہ کمیٹی برائے ہا ئو سنگ اینڈ ورکس نے وزارت اور اس کے ذیلی اداروں کی کارکردگی پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے چیئرمین کو طلب کرلیا۔ ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے ہاسنگ اینڈ ورکس کی زیرِ صدارت سینیٹ قائمہ کمیٹی ہاسنگ اینڈ ورکس کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں سیکریٹری ہاسنگ اینڈ ورکس اور ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے) نے انکشاف کیا کہ ہمارے ملازمین کی مبینہ ملی بھگت سے ڈی 12 میں غیر قانونی بلند و بالا تعمیرات ہوئی ہیں۔ڈی جی ایف جی ای ایچ اے نے بتایا کہ کچھ عمارتیں منہدم بھی کی ہے، چیئرمین کمیٹی نے استفسار کیا کہ اس سب میں کس کا قصور ہے؟ سیکریٹری ہاسنگ نے جواب دیا کہ اس میں ادارے کا قصور ہے۔

چیئرمین کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں ڈی 12 میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف سی ڈی اے چیئرمین کو طلب کرلیا۔اجلاس میں 200 بستروں پر مشتمل سینٹر آف ایکسیلنس گائناکالوجی روالپنڈی کے قیام کا معاملہ بھی زیرِ بحث آیا جس پر پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ (پی ڈبلیو ڈی) حکام نے بریفنگ دی کہ 2007 میں منصوبہ کی منظوری ہوئی تھی، منصوبہ کی لاگت 166 ملین تھی، فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے منصوبہ روک دیا گیا تھا، 2010 میں دوبارہ منصوبہ شروع ہوا، 2023 میں کمپنی نے 218 ملین کے بقایاجات کا دعوی کیا، کنسٹریکشن کمپنی کے بقایا جات کا دعوی غلط لگ رہا ہے۔

چیئرمین کمیٹی نے استفسار کیا کہ کیا کمپنی نے منع کرنے کے باوجود کام جاری رکھا؟ تعمیراتی کمپنی کے نمائندے نے بتایا کہ ہمیں کم چھوڑنے کا کوئی لیٹر نہیں ملا، کمیٹی نے وزارت ہاوسنگ اینڈ ورکس اور ذیلی اداروں کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کیا۔سینیٹر بلال خان نے کہا کہ صوبائی محکموں کی کارکردگی وفاقی وزارت ہاسنگ اینڈ ورکس سے بہتر ہے، چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ جب بھی بریفنگ لیتے ہیں تو یہی بات سننے کو ملتی ہے کہ فنڈنگ کا مسئلہ ہے۔

اجلاس کے دوران پاک پی ڈبلیو ڈی حکام نے منصوبے کی تاخیر کا ذمہ دار نیشنل انجینئرنگ سروسز پاکستان (نیسپاک) کو ٹھہرا دیا، پاک پی ڈبلیو ڈی حکام نے کہا کہ نیسپاک کس چیز کی فیس لیتا ہے، اگر سب ہم نے بتانا ہے۔سینیٹر بلال خان نے کہا کہ نیسپاک اس وقت ملک میں ٹیکنیکل طریقے سے بدمعاشی کر رہا ہے، آج تک ان کی کوئی کمپنی بلیک لسٹ نہیں ہوئی ہے، نیسپاک کے ایم ڈی کو آئندہ اجلاس میں بلائیں۔ چیئرمین کمیٹی نے ہدایت کی کہ نیسپاک حکام آئندہ اجلاس میں اس پروجیکٹ کا سارا ریکارڈ لے کر آئیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔