کراچی(آئی پی ایس ) اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے جاری بیان میں بتایا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں 11 کروڑ ڈالرز سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔زرمبادلہ کے ذخائر کے حوالے سے اسٹیٹ بینک نے جو تفصیلات جاری کی ہیں اس کے مطابق ایک ہفتے میں پاکستان کے مرکزی بینک کے ذخائر میں 11 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز کا اضافہ ہوگیا ہے۔
اسٹیٹ بینک کے ذخائر بڑھ کر 11 ارب 15 کروڑ ڈالرز پر پہنچ گئے ہیں، اسٹیٹ بینک کے پاس 2 ماہ کے درآمدی بل کے برابر ذخائر ہوگئے۔کمرشل بینکوں کے ذخائر میں کمی دیکھنے میں آئی ہے جو 8 اعشاریہ38 کروڑ ڈالرز کم ہوئے، جس کے بعد کمرشل بینکوں کے ذخائر 4اعشاریہ89 ارب ڈالرز رہ گئے۔اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ ملکی مجموعی زرمبادلے میں 25 اکتوبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں 3اعشاریہ19کروڑ ڈالرز کا اضافہ ہوا، ملکی زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ کر 16اعشاریہ04ارب ڈالرز ہوگئے ہیں۔
کچھ عرصہ پہلے اپنے ایک بیان میں گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ عالمی معیشت دن بہ دن تبدیل ہوتی جا رہی ہے اور بینکنگ سیکٹر میں بھی تبدیلیاں ہو رہی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا بینکنگ سیکٹر بہتری کی جانب گامزن ہے، ایس ایم ای فنانسنگ کی جانب ہماری خاص توجہ ہے اور اگلے سال تک کئی بینکس ڈیجیٹل بینکنگ شروع کر دیں گے۔