Friday, January 3, 2025
ہومبریکنگ نیوزپاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑی ابو بکر کے گھٹنے کی سرجری ہوگئی،صدر پی ایچ ایف کی تعاون کی یقین دہانی

پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑی ابو بکر کے گھٹنے کی سرجری ہوگئی،صدر پی ایچ ایف کی تعاون کی یقین دہانی

لاہور (سب نیوز )پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑی ابو بکر کی لاہور میں گھٹنے کی سرجری ہوگئی، ان کا ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کے خلاف میچ میں گھٹنہ انجرڈ ہوا تھا۔ہاکی پلیئر ابوبکر کی سرجری اسکاٹ لینڈ سے آئے پاکستانی ڈاکٹر کامران بٹ نے مقامی اسپتال میں کی۔پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے صدر طارق بگٹی، سابق صدر اختر رسول، کوچ طاہر زمان نے ان کی تیمارداری کی۔

ابوبکر کا کہنا ہے کہ آپریشن کی کامیابی پر بہت خوش اور پی ایچ ایف کا شکر گزار ہوں، ری ہیب کے لیے آسٹریلیا جانے کا پلان ہے۔ مکمل فٹ ہونے میں پانچ سے چھ ماہ کا وقت لگ سکتا ہے۔صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن طارق بگٹی کا کہنا ہے کہ ہم نے ہمیشہ اپنے کھلاڑیوں کا خیال رکھا ہے، ابوبکر کے چہرے پر مسکراہٹ دیکھ کر بہت اچھا لگا، ابوبکر پاکستان کا فخر ہے، اسے جلد دوبارہ میدان میں دیکھنا چاہتے ہیں۔ ڈاکٹر کامران بٹ نے کہا کہ ابوبکر کی سرجری بہت کامیاب رہی۔ آج اسے ڈسچارج بھی کر رہے ہیں۔ ابوبکر نے اگر ری ہیب پر فوکس کیا تو کم وقت میں فٹ ہوسکتے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔