Sunday, November 3, 2024
ہومپاکستانمقبوضہ کشمیر میں کوئی محفوظ نہیں، ہمیں پیاروں کی میتیں تک نہیں ملتیں، حریت رہنما مشعال ملک

مقبوضہ کشمیر میں کوئی محفوظ نہیں، ہمیں پیاروں کی میتیں تک نہیں ملتیں، حریت رہنما مشعال ملک

اسلام آباد(آئی پی ایس)کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں کوئی محفوظ نہیں، ہمیں پیاروں کی میتیں تک نہیں ملتیں ۔

یوم سیاہ کے موقع پر اسلام آباد میں نکالی گئی ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مشعال ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان پوری دنیا میں کشمیریوں کے ساتھ مل کر یہ دن مناتا ہے، کشمیری بچے اس وقت سکول میں نہیں جاسکتے، ان کے والد جیلوں میں بند ہیں، کشمیریوں کی جدوجہد کو 7 نسلیں ہوچکی ہیں لیکن آج تک ڈٹے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں مظلوم فلسطینیوں کے لیے بھی آواز بلند ہورہی ہے، کشمیریوں کیلئے ہمیں مضبوط اور توانا آواز چاہیے، عوام ساتھ ہوتو کوئی بھی آزادی مل سکتی ہے، عوام کی آواز ساتھ ہوتو دنیا کے بڑے بڑے فرعون ہار جاتے ہیں، مقبوضہ جموں و کشمیر میں گھروں کے اندر لوگ بھی محفوظ نہیں۔

مشعال ملک کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے رہنماں اور پیاروں کی میتیں نہیں دی جاتیں، یاسین ملک کو پھانسی گھاٹ کے قریب رکھا ہوا ہے، آسیہ اندرابی بہت بیمار ہیں، ان کو تہاڑ جیل میں رکھا ہوا ہے، بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر میں قرارداد پاس کرکے 50 لاکھ بھارتیوں کو آباد کردیا گیا ہے، بھارت کی کوشش ہے مقبوضہ کشمیر کو منی انڈیا میں تبدیل کردے، کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے صرف آج کا دن نہیں،یہ ایک جہاد مسلسل ہے، یہاں آج ریلی میں بچوں اور خواتین کی بھی بڑی تعداد شریک ہے سب کی شکرگزار ہوں، کشمیر کاز زندہ ہے اور کشمیریوں کے وارث زندہ ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔