Tuesday, October 22, 2024
ہومبریکنگ نیوزجسٹس منصور کی بطور چیف جسٹس تقرری کیلئے پی ٹی آئی اور وکلاء کااحتجاجی تحریک کا اعلان

جسٹس منصور کی بطور چیف جسٹس تقرری کیلئے پی ٹی آئی اور وکلاء کااحتجاجی تحریک کا اعلان

اسلام آباد/پشاور/کوئٹہ(سب نیوز )وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ جب بھی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کو حکومت ملے گی، وہ 26ویں آئینی ترمیم کو ختم کرے گی اور اگر سینئر ترین جج کی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کے طور پر تقرری نہ کی گئی تو پی ٹی آئی احتجاج کے لیے نکلے گی۔خیبرپختونخوا اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاق اربوں روپے خرچ کرکے سیاسی انتقام لے رہا ہے، مشکل وقت نے بتا دیا کہ کوم ضمیر فروش ہے اور کون ساتھ کھڑا ہے،

ہمارا لیڈر بے گناہ جیل میں ہے، جو ظلم کیا ہے وہ ہمارے ذہنوں میں ہیں، ہمارے 2 پارلیمنٹرین کو پروڈکشن آرڈر کے باوجود نہیں لایا جارہے، انور زیب اور کابینہ ممبر لیاقت خان گرفتار ہیں۔ وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے کہا کہ ہر وقت یہ ماحول رہے گا، یہ ان کی بھول ہے، ان راستوں سے اجتناب کیا جائے، جو راستہ بنایا جارہا ہے وہ آپ کے گھر تک بھی جائے گا، یہ حکمران ملک کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا کر پھر بیرون ملک چلے جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاق نے رات کو ڈکیتی کرکے ترمیم پاس کی، 26ویں ترمیم پاس کرکے عدلیہ کو محکوم بنا دیا گیا،

غیر آئینی ترمیم سے چند اشرافیہ کو فائدہ ہوگا، جب بھی حکومت ملے گی، اس ترمیم کو ختم کریں گے، سینئر جج کی تقرری نہ کی گئی تو پی ٹی آئی احتجاج کیلئے نکلے گی۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ غدار غدار ہوتا ہے، استعفی دیتے، جس نے ضمیر بیچا ہے ان کے نام عوام کے سامنے لائیں گے، غداروں سے قوم جواب مانگے گی، جو کہتا ہے مجبوری ہے، وہ اسعفی دے دیتا۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما اور سپریم کورٹ بار کے سابق صدر حامد خان نے نیشنل ایکشن کمیٹی کے ذریعے 26 ویں آئینی ترمیم کے خلاف وکلا تحریک شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وکلا جسٹس منصور علی شاہ کے علاوہ کسی کو اگلا چیف جسٹس نہیں مانیں گے۔ پی ٹی آئی رہنما حامد خان نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل اور آج کا دن سیاہ ترین ہیں، آئینی ترمیم نے آئین کا حلیہ بگاڑ دیا، ہم وکلا اس ترمیم کو غیر آئینی سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ آئینی ترمیم آئین کے ڈھانچے کے برعکس ہے

، ایسی ترمیم کے بارے سپریم کورٹ کے ججز کی مثالیں موجود ہیں، ہم وکلا پر آئین اور و عدلیہ کا تحفظ فرض ہے، ہم وکلا کی ملک تحریک چلائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو اٹھا کر وہیل چئیر پر لایا گیا، ہم سمجھتے ہیں یہ ووٹ گنے نہیں جاسکتے، ہارس ٹریڈنگ کے بغیر حکومت کا نمبر مکمل نہیں ہوتا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔