Tuesday, October 22, 2024
ہومبریکنگ نیوزآئینی ترمیم غیر آئینی ، وفاداریاں بدلنے والوں کو چھوڑیں گے نہیں، گنڈاپور

آئینی ترمیم غیر آئینی ، وفاداریاں بدلنے والوں کو چھوڑیں گے نہیں، گنڈاپور

پشاور (آئی پی ایس )وزیر اعلی علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ جنہوں نے اپنی وفاداریاں بدلیں ان سے حساب لیں گے، ہم انہیں چھوڑیں گے نہیں، اتنے آرام سے ہضم نہیں ہونے دیں گے۔علی امین گنڈاپور نے اپنے پیغام میں کہا کہ جعلی مینڈیٹ والی حکومت نے عدلیہ پر حملہ کیا، مرضی کے بندے بٹھا کر فیصلے کریں گے تو ادارے آگے نہیں بڑھیں گے، رات کے اندھیرے میں ایک غیر آئینی اقدام کیا گیا، غیر آئینی ترمیم صرف اشرافیہ کو فائدہ دینے کے لیے کی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج رات تک نام آجائیں گے کسی بندے کو نہیں چھوڑیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر کا کہنا ہے کہ ہمارے جتنے سینیٹرز اور ایم این ایز نے اپنے ضمیر کا سودا کیا اور بک گئے وہ سارے غدار ہیں، ان کی پارٹی رکنیت فورا معطل کر دینی چاہئے۔ دوسری جانب وزیر اعلی خیبرپختونخوا نے کہا ہے کہ وفاداریاں بدلنے والوں کو چھوڑا نہیں جائے گا۔ گزشتہ رات 26ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد اسد قیصر نے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ کل اندھیرے آئینی ترمیم کو غیرآئینی طریقے سے منظور کیا گیا، یہ ترمیم غیر اخلاقی اور اداروں کے درمیان مزید محاز آرائی کا سبب بنے گی

، اس ترمیم کو اتنی جلدبازی سے پاس کرانے کی کیا ضرورت تھی۔اسد قیصر نے کہا کہ سب جانتے ہیں کس طرح ووٹ کو غیر آئینی طور پر خریدا گیا، ووٹ کو عزت دو والوں نے ووٹ کی بے حرمتی کی، ممبران پیسوں کے عوض بِک گئے، پارلیمنٹ کی بے توقیری کی گئی، چادر اور چار دیواری کی پامالی ہوئی، ترمیم کو سینٹ سے بھی غیر آئینی اورغیر قانونی طور پر پاس کیا گیا، خیبر پختونخوا فیڈریشن کی اکائی ہے جس کے سینیٹرزکی نمائندگی نہیں تھی، اس بل کو ایک نامکمل نمائندگی سے سینیٹ سے پاس کرایا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلاول سے سوال ہے کہ کیا یہ پیپلزپارٹی کی جمہوریت ہے، ممبران کو خرید کر ڈرا دھمکا کر ان کی بہن بیٹیوں کو اٹھا کر ترمیم پاس کرائی گئی۔ اسد قیصر نے کہا کہ ہمارے جتنے سینیٹرز اور ایم این ایز نے اپنے ضمیر کا سودا کیا اور بک گئے وہ سارے غدار ہیں، بکنے والوں نے پارٹی کے ساتھ ساتھ بانی پی ٹی آئی اور قوم سے بھی غداری کی ہے، ان غداروں سے قوم خود حساب لے گی، پارٹی کو ان غداروں کے خلاف سخت ایکشن لینا چاہئے، ان کی پارٹی رکنیت فورا معطل کر دینی چاہئے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔