Friday, October 18, 2024
ہومبریکنگ نیوزنہ آئینی عدالت نہ ہی آئینی بینچ، تیسرا آپشن لایا جارہا ہے، خالد مقبول صدیقی

نہ آئینی عدالت نہ ہی آئینی بینچ، تیسرا آپشن لایا جارہا ہے، خالد مقبول صدیقی

کراچی (سب نیوز )متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ آئینی ترمیم پر مزید مشاورت اور بات چیت جاری ہے، ابھی اس کی نوک پلک درست کرنی ہے، اس کے بعد ہی مسودہ اسمبلی میں آسکے گا۔ پاکستان میں جمہوریت کا تسلسل ہے، لیکن ابھی بھی حقیقی جمہوریت کی جگہ موجود ہے۔

آئینی عدالت بن رہی ہے یا آئینی بینچ بنے گا؟ اس سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بات اس سے تھوڑی سی مختلف ہو رہی ہے، دونوں چیزوں سے بیچ کی کوئی چیز ہو رہی ہے، اسی کو فائنل کر رہے ہیں۔بیچ کی چیز کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کچھ ایسی ترامیم کرلی جائیں گی، جس سے عدالت بھی مطمئن رہے اور اس عدالت کے بہت سارے فیصلوں کی وجہ سے جو پیچیدہ صورت حال ہے اس میں بھی شفافیت آجائے۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ابھی مشاورت میں ایک دو پارٹیوں کو اور شامل ہونا ہے، مجھے لگ رہا ہے کہ کوئی تیسرا آپشن بھی ہے جس پر بات ہونی ہے، وہ یہ ہے کہ کوئی ایسی آئینی ترمیم ہو جس کے بعد ہم اسی موجودہ سیٹ اپ کے ساتھ چلتے بھی رہیں اور اس کیلئے راستہ بھی نکل جائے۔انہوں نے بتایا کہ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ وفاق میں آئینی عدالت بن جائے اور صوبوں میں بینچ بن جائے، کچھ کا کہنا ہے کہ صرف بینچ ہی بنایا جائے، کچھ کا کہنا ہے کہ اس کے علاوہ بھی کوئی راستہ ہوسکتا ہے۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ راتوں رات آئینی ترمیم کو تبدیل کریں گے، رات کو شاید ہمیں دوبارہ بلایا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کا جو مطالبہ تھا کہ 19ویں ترمیم کو ختم کیا جائے اور 18ویں ترمیم کو بحال کیا جائے، اسی کے درمیان کی ایک چیز بن رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ابھی تک وفاق میں آئینی عدالت بنانے پر اتفاق ہے، لیکن تبدیل بھی ہوسکتا ہے۔ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ آئینی ترامیم اسی ہفتے مکمل ہونی ہیں، اس کے بعد مشکل تاریخیں شروع ہوجائیں گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔