Thursday, October 17, 2024
ہومبریکنگ نیوزایس سی او اجلاس، کرغزستان اور بیلاروس کے وزرائے اعظم اسلام آباد پہنچ گئے

ایس سی او اجلاس، کرغزستان اور بیلاروس کے وزرائے اعظم اسلام آباد پہنچ گئے

اسلام آباد(آئی پی ایس)شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے رکن ممالک کے سربراہان حکومت کی کونسل کے 23 ویں اجلاس میں شرکت کے لیے غیرملکی وفود کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، آج شروع ہونیوالے اس اجلاس میں شرکت کے لیے کرغزستان اور بیلا روس کے وزراء اعظم اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔
ایس سی اور کے اس اجلاس میں شرکت کے لیے چینی وزیر اعظم لی چیانگ سمیت بیشتر مندوبین پہلے ہی وفاقی دارالحکومت پہنچ چکے ہیں، جہاں 2 روزہ اجلاس میں رکن ممالک کے مابین ہاہمی تعاون کو مزید بڑھانے اور تنظیم کے بجٹ کی منظوری کے لیے اہم فیصلے متوقع ہیں۔
ایس سی او سربراہ اجلاس: کرغزستان کے وزیر اعظم ژاپاروف اکیل بیگ پاکستان پہنچ گئے۔
کرغزستان کے وزیراعظم ژاپاروف اکیل بیگ ایس سی او کے سربراہانِ حکومت کے اجلاس میں شرکت کے لیے آج اسلام آباد پہنچ گئے، جہاں وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک اور دیگر اعلیٰ سول وفوجی حکام نے نورخان ایئربیس پر ان کا استقبال کیا۔
بیلا روس کے وزیر اعظم رومن الیگزینڈرووچ گولوچینکو بھی آج پاکستان پہنچے ہیں، اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچنے پر وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے ان کا استقبال کیا، استقبال کے موقع پرروایتی لباس میں ملبوس بچوں نے معزز مہمانوں کو گلدستے پیش کیے جبکہ دونوں رہنماؤں کی جانب سے خیرسگالی کے کلمات کااظہاربھی کیا گیا۔
شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے سربراہان کی کونسل کے اس 2 روزہ اجلاس کی صدارت وزیر اعظم شہباز شریف کونسل کے موجودہ چیئرمین کے طور پر کریں گے، ان کے افتتاحی ریمارکس کے بعد دیگر سربراہان حکومت اجلاس سے خطاب کریں گے۔
ایس سی او کے ضابطہ کار کے تحت کارروائی کو ان کیمرہ رکھا جائے گا تاہم وزیراعظم شہباز شریف کا خطاب پاکستان ٹیلیویژن براہ راست نشر کرے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔